• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’مصنوعی ذہانت‘‘ کی برق رفتار ترقی سے مقابلہ آسان نہیں

ترجمہ و تلخیص: پروفیسر سیما ناز صدیقی

دَورِ حاضر میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) یا اے آئی اس قدر تیز رفتاری سے ترقّی کر رہی ہے کہ پوری انسانی تاریخ میں ترقّی کی اس رفتار کی مثال نہیں ملتی۔ اب اے آئی کی ترقّی خطی (Linear) نہیں بلکہ تصاعدی (Exponential) رفتار سے ہو رہی ہے۔

آسان الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ اب اس کی ترقّی کی رفتار ایک کے بعد دو، دو کے بعد تین اور پھر چار، پانچ، چھے کی بجائے دس سے بیس، بیس سے چالیس اور چالیس سے اسّی کی رفتار سے مسلسل بڑھتی چلی جارہی ہے اور اس کے نتیجے میں مصنوعی ذہانت کی ہرنئی نسل اپنی اگلی نسل کی ترقّی کو تیز سے تیز ترکرنے میں مدد فراہم کررہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج ہم بہت تیزی سے تخلیقی مصنوعی ذہانت (Generative AI) کے، جو کہ ہمارے سوالات کے جوابات دیتی، ویڈیوز تیار کرتی اور مشورے و تجاویز بھی دیتی ہے، دَور سے آگے نکل کر ایک ایسی خودمختار اور فعال مصنوعی ذہانت (Agentic AI) کی جانب بڑھتے چلے جا رہے ہیں کہ جو ہمیں نہ صرف مطلوبہ اطمینان بخش دلائل فراہم کرتی ہے بلکہ ضروری منصوبہ بندی کے ساتھ عملی اقدامات بھی کرتی ہے۔

لہٰذا، ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ اب ہمارا سفر عمومی مصنوعی ذہانت (Artificial General Intelligence ) سے ذہانتِ اعلیٰ و اُولی یا سُپر انٹیلی جینس کی جانب تیزرفتاری سے جاری ہے اور آج یہ تقریباً ہر فکری و علمی شُعبے میں انسانی صلاحیتوں کے مساوی یا ان سے بھی آگے نکل رہی ہے۔

تاہم، اس گمبھیر صُورتِ حال کا سب سے خوف ناک پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ مصنوعی ذہانت اگر ایک طرف انسانی خوش حالی اور ترقّی کا سب سے طاقت وَر ذریعہ بنتی جا رہی ہے، تو دوسری طرف اسے تخلیق کرنے والے بعض ماہرین خُود خبردار کررہے ہیں کہ کل یہی ٹیکنالوجی انسانیت کو درپیش متوقّع بڑے بڑے خطرات میں سے ایک اہم خطرہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ گویا آج ہم ایک عجیب دوراہے پر کھڑے ہیں۔ یعنی اگر مصنوعی ذہانت کو اپنائیں، تو خطرہ، اوراگر نہ اپنائیں، تو بھی نقصان۔

اس حوالے سے حال ہی میں جو انتباہ بِل گیٹس کی جانب سے سامنے آیا ہے، وہ خاصا توجّہ طلب ہے۔ بِل گیٹس کے خیالات کو عام طور پر ٹیکنالوجی کے مستقبل کے ضمن میں نہایت امید افزا سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں دُنیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت غلط ہاتھوں میں چلی گئی، تو یہ ایسے تباہ کُن واقعات کا سبب بھی بن سکتی ہے کہ جن کے نتیجے میں ایک ارب تک انسانی جانیں باآسانی لمحوں میں ضائع ہو سکتی ہیں۔

لہٰذا، اُن کا کہنا ہے کہ آج ٹیکنالوجی کی صنعت کا اس ضمن میں محض اپنے طور پر ضابطے اور اصول بنا لینا کافی نہیں بلکہ خُود حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اس حوالے سےحفاظتی اقدامات اور نگرانی کے عمل میں ضرور شامل ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کیے جانے والے مختلف قسم کے سائبر حملے، حیاتیاتی خطرات اور ٹیکنالوجی کے دیگر تباہ کُن استعمالات کو ہمہ وقت پیشِ نظر رکھنا چاہیے، جب کہ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ خود مصنوعی ذہانت کی صنعت کے اندر سے بھی سنگین نوعیت کے توجّہ طلب خطرات روزانہ کی بنیاد پر سامنے آ رہے ہیں۔

انسانی ترقّی و بقا کے ضمن میں مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والی کمپنی، اینتھروپِک (Anthropic) میں مصنوعی ذہانت کو انسانی مقاصد سے ہم آہنگ رکھنے کی تحقیق کے سربراہ، ایون ہیوبنگر (Evan Hubinger) نے حال ہی میں کہا ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق آئندہ دس برسوں میں مصنوعی ذہانت کے ہاتھوں پوری انسانیت کے خاتمے کا امکان دس فی صد سے کچھ زیادہ ہی ہے۔

بظاہر یہ سائنسی طور پر ثابت شُدہ اور سو فی صد دُرست پیش گوئی تو نہیں مگر ایک ایسے محقّق کا ذاتی تخمینہ یا اندازہ ضرور ہے کہ جس کی تحقیق کا بنیادی مقصد ہی جدید مصنوعی ذہانت کو انسانی ارادوں اور مقاصد کے مطابق برقرار رکھنا ہے۔ قبل ازیں، اینتھروپِک اور اوپن اے آئی کے سابق محقّق، جیکب کاکسن (Jacob Coxon) بھی اسی نوعیت کے سنگین خدشات ظاہر کر چُکے ہیں۔ 

لہٰذا، اب یہ سمجھنا کہ ایسا ممکن نہیں، خام خیالی ہی کہی جاسکتی ہے یا یہ تمام خدشات محض نظریاتی نوعیت کے نہیں رہے۔ نیز، یہ عمل ریت میں سَر دبا کر یہ سوچنا کہ طوفان ٹل گیا ہے، تو ہو سکتا ہے، لیکن اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔

گزشتہ دِنوں جب سائبر سیکیوریٹی کی جانچ پڑتال کی گئی، تو معلوم ہوا کہ اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی سیکڑوں خود مختار ایجنٹس اپنی اپنی آزمائشی حدود سے تجاوز کر چُکے ہیں اور ان سب نے تقریباً ایک دوسرے کے ساتھ رابطے کے غیرمتوقّع نِت نئے مزید طریقے دریافت کر کے ایک ایسا اجتماعی نیٹ ورک بھی تشکیل دیا ہے کہ جسے انہوں نے خود Collective یا Swarm یعنی اجتماعی گروہ کا نام بھی دے دیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ان ایجنٹس نے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم، ہَگنگ فیس (Hugging Face) سے متعلق نظاموں کی سیکیوریٹی میں بھی خاصا رخنہ ڈال دیا ہے۔ اوپن اے آئی نے تو اس اہم ترین واقعے کو فی الوقت ایک ابتدائی خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے اور تسلیم بھی کیا ہے کہ تیزی سے ترقّی کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے یہ ایجنٹس تیکنیکی پابندیوں کو واقعی عبور بھی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ غیرمتوقّع ذرائع سے اس حوالے سے باہمی تعاون بھی مضبوط بنا سکتے ہیں اور ایسے اقدامات بھی انجام دے سکتے ہیں کہ جن کی انسانوں نے انہیں براہِ راست ہدایت نہیں دی ہوتی جو کہ ایک خطرناک ترین عمل ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ صُورتِ حال اس لیے بھی نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے کہ مصنوعی ذہانت وقت کے ساتھ ساتھ زیادہ تیز رفتار اور خُود مختار ہوتی جا رہی ہے۔

حال ہی میں اوپن اے آئی کا ’’GPT-6 Astra‘‘ اس ترقّی کی جانب ایک اور بڑا قدم یا جَست کی نمایاں مثال ہے۔ اوپن اے آئی کے مطابق یہ اس کا وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا سب سے زیادہ باصلاحیت اور پہلا ایسا ماڈل ہے کہ جس نے اس کے اپنے حفاظتی تیاری کے فریم ورک کے تحت سائبر سیکیوریٹی کی صلاحیت میں انتہائی حسّاس درجہ حاصل کر لیا ہے۔

ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ نظام مناسب تیکنیکی وسائل اور رسائی حاصل ہونے کی صُورت میں نظام میں پہلے سے موجود نامعلوم سیکیوریٹی کم زوریوں کی نشان دہی بھی کر سکتا ہے اور مسلسل انسانی رہنمائی کے بغیر پیچیدہ کمپیوٹر نظاموں کی ان کم زوریوں سے فائدہ اُٹھانے کے طریقے بھی وضع کروا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج اوپن اے آئی نے اس ماڈل کے لیے زیادہ سخت حفاظتی، نگرانی اور سیکیوریٹی کے اقدامات متعارف کروا دیے ہیں۔

غالباً اسی سوچ کے زیرِ اثر ہی 29 ستمبر 2026ء کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس میں امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ نے اوپن اے آئی، اینتھروپِک، گوگل، میٹا، این ویڈیا اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز کے سربراہان کو مدعو کیا۔ اس موقعے پر ان ٹیک کمپنیز کےسربراہان نے باہمی رضامندی کے ساتھ اس حوالے سے رضاکارانہ حفاظتی معیارات اختیار کرنے پر اتفاق کیا، جن میں خاص طور پر داخلی نگرانی اور آزادانہ جائزے کے انتظامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف یہی رہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں امریکا کی برتری برقرار رہنی چاہیے اور ایسے سخت اصول و ضوابط سے گریز کرنا چاہیے کہ جس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کے میدان میں قیادت چین کے ہاتھوں میں چلی جائے۔

یہاں ایک اور خدشہ یہ بھی سامنے آتا ہے کہ اگر آج دُنیا کا کوئی مُلک ضرورت سے زیادہ سخت قوانین نافذ کرتا ہے، تو وہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں پیچھے بھی رہ سکتا ہے لیکن اگر وہ یہی قوانین نرم یا کم کرتا ہے، تو طاقت وَر مصنوعی ذہانت کے نظام کے حامل معاشرے ان پر قابو پانے کی صلاحیت سے کہیں زیادہ تیزی سے ترقّی کر سکتے ہیں۔ ادھر امریکی صدر نے مصنوعی ذہانت کو ایک نیا نام بھی دیا ہے، سُپر انٹیلی جینس یاذہانتِ اُولیٰ۔

بہرکیف، اس غیر معمولی ٹیکنالوجی کو کوئی بھی نام دیا جائے، اس کا ایک دوسرا اور نہایت روشن پہلو بھی موجود ہے اور اسی وجہ سے ایلون مسک نے اسی وائٹ ہاؤس کے اجلاس میں یہ کہا تھا کہ مصنوعی ذہانت یا ذہانتِ اُولی کا سب سے زیادہ متوقّع نتیجہ دراصل ایک ایسے دَور کا آغاز ہوگا کہ جسے’’عہدِ فراوانی‘‘ کہہ سکتے ہیں، کیوں کہ مصنوعی ذہانت طب، تعلیم، سائنس اور پیداواری صلاحیت کے شُعبوں میں بے شمار انقلابی تبدیلیاں لا سکتی ہے۔

دوسری جانب بِل گیٹس نے بھی اپنے تمام تر خدشات کے باوجود یہ تسلیم کیا ہے کہ ترقّی پذیر ممالک کے لیے بالخصوص صحت، زراعت اور تعلیم کے شُعبوں میں مصنوعی ذہانت کی صُورت میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور ان کی تنظیم، ’’دی گیٹس فائونڈیشن‘‘ نےان شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی معاونت کے لیے ایک ارب ڈالرز کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔

آج اصل خطرہ صرف یہ نہیں کہ مصنوعی ذہانت نہایت تیزی سے ترقّی کر رہی ہے بلکہ اس کے ساتھ ہی یہ خوف بھی لاحق ہے کہ اس کی وجہ سے انسان اپنی فکری و تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال بتدریج کم سے کم کرتا جا رہا ہے۔ اس وقت ترقّی یافتہ ممالک میں کھربوں ڈالرز مالیت کی حامل ٹیکنالوجی کمپنیز، کمپیوٹنگ کا وسیع بنیادی ڈھانچا، جدید ترین تحقیقی تجربہ گاہیں، سیمی کنڈکٹر یا نیم موصل ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری کے بڑے ادارے اور ایسی حکومتیں موجود ہیں کہ جو مصنوعی ذہانت میں سیکڑوں ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

یہ ممالک بیک وقت مصنوعی ذہانت کی ترقّی اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے خطرات پر قابو پانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کر سکتی ہیں، مگر افسوس کہ ہم جیسے مُمالک کے پاس اس قدر وسائل اور مالی گنجائش ہی موجود نہیں۔ 

جب کہ دوسری طرف اس حقیقت کا ادراک آج ہر ذی شعور کو ہو چُکا ہے کہ مصنوعی ذہانت اب صرف ایک نئی ٹیکنالوجی نہیں رہی بلکہ یہ اب اُس بنیادی ڈھانچے کی صُورت اختیار کرتی جا رہی ہے کہ جس پر مستقبل کی معاشی طاقت، قومی سلامتی، تعلیم، صنعت اور بالآخر عالمی اثر و رسوخ کا انحصار ہوگا۔ اب جو ممالک خُود مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹُولز تیار کریں گے، وہی ان پر اپنا اختیار بھی برقرار رکھیں گے اور اسے اپنے تجارتی و معاشی مقاصد کے لیے مؤثر انداز میں استعمال بھی کر سکیں گے اور پھر اپنے دَور کی سمت خُود ہی متعیّن کرنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

اس کے برعکس جو ممالک دوسروں کے تیار کردہ اے آئی ٹولز پر انحصار کریں گے یا صرف اُن کے استعمال تک محدود رہیں گے، ان کے لیے تیکنیکی اور معاشی انحصار کا خطرہ مسلسل بڑھتا چلا جائے گا اور یہ صُورتِ حال وطنِ عزیز، پاکستان کو ایک دوراہے پر لا کھڑا کرتی ہے کہ ان دونوں راستوں میں سے کس کا انتخاب کیا جائے۔ یاد رہے، ہم کسی بھی صُورت اس عالمی تبدیلی سے الگ تھلگ رہنے کے متحمّل نہیں ہو سکتے۔

اب وقت آ چُکا ہے کہ ہماری جامعات میں طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ ہم آہنگی کی تربیت دی جائے اور ساتھ ہی انہیں یہ بھی بتایا جائے کہ اس عمل میں وہ اپنی ذہانت اور فکری خُودمختاری کو کسی صُورت اے آئی کے تابع نہ ہونے دیں۔ واضح رہے کہ جب مشینز چند لمحوں میں مضامین، کمپیوٹر پروگرامز، تحقیقی مواد، تجزیے اور تحقیقی مقالے تیار کر سکتی ہوں، تو ایسے میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، اخلاقی شعور، قوّتِ فیصلہ اور آزادانہ استدلال کی اہمیت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جاتی ہے۔

لہٰذا، اب پاکستان کو بیک وقت دو بنیادی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرنا ہوگی۔ مصنوعی ذہانت کے اعتبار سے علمی، تحقیقی اور تیکنیکی صلاحیتیں پیدا کرنا اور اے آئی کے ذمّے دارانہ، محفوظ اور اخلاقی استعمال کو یقینی بنانا۔ یعنی اب ہمارے لیے مصنوعی ذہانت کی حفاظت، انسانی اقدار سے اس کی ہم آہنگی، اخلاقیات، نجی معلومات کے تحفّظ اور سائبر سیکیوریٹی کے شُعبوں میں مہارتوں کا حصول لازمی ہوگیا ہے، کیوں کہ ہم غیر مُلکی اے آئی ٹولز پرانحصار نہیں کرسکتے۔

یاد رہے، مستقبل میں اصل مقابلہ انسانوں اور مشینز کے درمیان نہیں ہوگا بلکہ یہ مسابقت اُن ممالک کے درمیان ہوگی کہ جو مصنوعی ذہانت کو سمجھتے، تخلیق کرتے اور اس پر اختیار رکھتے ہیں۔ اب پاکستان کے لیے ایک جگہ ساکت کھڑے رہنا سب سے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ آج ہم مصنوعی ذہانت اختیار کرنے یا نہ کرنے کے مخمصے سے دوچار ہوں، لیکن اگر واقعی سُپر انٹیلی جینس یا ذہانتِ اُولیٰ کا دَور قریب آ رہا ہے، تو پھر پاکستان ہرگز اس نئے عہد میں تیاری کے بغیر داخل ہونے کا متحمّل نہیں ہو سکتا۔

(مضمون نگار، سابق سینیٹر اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ہیں)

سنڈے میگزین سے مزید