• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تدبرِ اقبال کی معراج، تحریکِ پاکستان کی فکری اساس

تاریخ کے صفحات پر کچھ لمحات ایسے گہرے نقوش چھوڑ جاتے ہیں، جو وقت کی دھول میں اوجھل ہونے کے بجائے، آنے والے زمانوں کی تقدیر اور تاریخ کا دھارا ہی بدل دیتے ہیں۔ دسمبر 1930ء میں الٰہ آباد کے تاریخی پنڈال سے دیا گیا علّامہ محمّد اقبال کا صدارتی خطبہ، برِعظیم کی سیاسی تاریخ کا ایک ایسا ہی رُخ بدل دینے والا موڑ تھا۔

اس سرد دوپہر نے غلام ہندوستان کے مسلمانوں کی فکری کائنات میں وہ حرارت پیدا کی، جس نے آگے چل کر ’’تحریکِ پاکستان‘‘ کو جنم دیا۔ اس خطبے کو محض ایک روایتی سیاسی پیش رفت قرار دینا اس کی نظریاتی اہمیت کم کرنے کے مترادف ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ خطبہ اس فکری جمود کا توڑ تھا، جس میں مسلم معاشرہ ایک عرصے سے جکڑا ہوا تھا۔

علّامہ اقبال نے مسلمانوں کو اُن کی جداگانہ قومیت کا وہ احساس دلایا، جو آگے چل کر ایک الگ وطن کی بنیاد بنا۔ ایک ایسا وطن، جہاں اسلامی اقدار اور تہذیب کا تحفّظ ممکن ہوسکے۔ موجودہ تناظر میں اس خطبے کے ایک ایک لفظ کا سائنسی اور سیاسی تجزیہ کیا جائے، تو اقبال کی دُور اندیشی پر رشک آتا ہے۔ 

انہوں نے اپنے دَور کے سیاسی مخمصوں کو سلجھانے کے ساتھ ساتھ، آنے والے زمانوں کے چیلنجز اور امکانات کو بھی پہلے ہی بھانپ لیا تھا۔ الٰہ آباد کا یہ صدارتی خطبہ دراصل ایک زندہ فکری دستاویز ہے، جو مسلم امّہ کے لیے آج بھی ایک ناگزیر لائحہ عمل اور مینارِ نور ہے۔

انیسویں صدی کے اواخر اور بیسویں صدی کے آغاز میں برِعظیم استعماری جبر، سیاسی ہیجان اور تہذیبی کش مکش کی آماج گاہ بنا ہوا تھا۔ 1857ء کی ناکامی کے بعد مسلم قوم جس زوال کا شکار ہوئی، سرسیّد احمد خان نے تعلیمی بے داری سے اس کا مداوا تو کیا، مگر بیسویں صدی کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی منظرنامہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔

تحریکِ خلافت کے خاتمے نے مسلم صفوں میں انتشار اور مایوسی کی دُھند پھیلا دی۔ ایک طرف انڈین نیشنل کانگریس، ہندو بالادستی کے خواب دیکھ رہی تھی، جس کے قوم پرستانہ فریب میں کئی نام نہاد علماء بھی آچکے تھے، تو دوسری طرف برطانوی سامراج ’’لڑاؤ اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کے تحت اس خلیج کو مزید گہرا کررہا تھا۔

قیادت کے فقدان، فکری جمود اور اندرونی خلفشار کے اس بھیانک دَور میں حکیم الامّت علّامہ اقبال نے تاریخ کے نبض شناس بن کر قدم بڑھایا۔ وہ فرنگی چالوں کو بھی سمجھ رہے تھے اور کانگریس کے اس قوم پرستانہ نظریے سے بھی باخبر تھے، جو مسلم تشخص کو نگلنے کے درپے تھا۔ ایسے نازک ترین موڑ پر، جب ملّتِ اسلامیہ پر مایوسی کے بادل گہرے تھے، اقبال نے اپنے افکار سے وہ کلمۂ حق بلند کیا، جس نے برِعظیم کی تقدیر اور تاریخ کا دھارا ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

الٰہ آباد میں علّامہ اقبال نے اپنے تاریخی خطبے کا آغاز ایک ایسے ولولہ انگیز اعلان سے کیا، جس نے مایوسی کے اندھیروں میں امید کی نئی کرن روشن کر دی۔ انہوں نے نہایت قطعیت اور جان دار استدلال کے ساتھ چار ایسے بنیادی نکات پیش کیے، جو اس خطبے کی رُوح ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے اُس دَور کے مسلم دانش وروں پر طاری مایوسی کو یک سر مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ وہ اسلام کے اجتماعی مقدر سے ناامید ہونے والوں میں ہرگز شامل نہیں۔

مغرب سے اٹھنے والے سیکولرازم کے جواب میں، انہوں نے مذہب کو محض فرد کا ذاتی معاملہ ماننے سے انکار کردیا۔ اقبال کے نزدیک اسلام چند رسومات کا نہیں، بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات کا نام ہے، جو ریاست کی سیاسی، معاشرتی اور ثقافتی زندگی کی تشکیل کرتا ہے۔ یہ کسی بیرونی فکری یا سیاسی نظام کا محتاج نہیں۔ اسلامی شریعت اور تہذیب کے پاس اپنی وہ داخلی توانائی موجود ہے، جو کسی غیر نظریے کے بیساکھیوں کے بغیر ایک عادلانہ معاشرہ قائم کر سکتی ہے۔

اس خطبے میں علّامہ اقبال کا سب سے بڑا فکری انقلاب وہ اعلان تھا، جس کے ذریعے انہوں نے برطانوی حکومت، کانگریس اور درباری علماء سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی۔ انہوں نے فخر سے کہا۔’’مَیں نہ کسی پارٹی کی قیادت کرتا ہوں اور نہ کسی کے پیچھے چلتا ہوں۔‘‘مصلحت کوش سیاست کو بالائے طاق رکھ کر، اقبال کا یہ آزادانہ مؤقف برِعظیم کے مسلمانوں کے لیے ایک جداگانہ اور مستقل بالذات سیاسی لائحہ عمل بن کر ابھرا۔

بلاشبہ، خطبۂ الٰہ آباد نے برِعظیم کی سیاست میں ’’متحدہ قومیت‘‘ کے اس سحر کو پاش پاش کر دیا، جسے کانگریس اور قوم پرست علما بڑی چابک دستی سے پھیلا رہے تھے۔ علّامہ اقبال نے جغرافیائی قومیت کا بُت توڑتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم قومیت کا خمیر خاکِ وطن سے نہیں، بلکہ عقیدے، تہذیب اور آفاقی اقدار سے اٹھا ہے۔

انہوں نے ثابت کیا کہ مسلمانانِ ہند اپنی تاریخ، روایات اور تمدّن کے لحاظ سے ایک مکمل اور جداگانہ قوم ہیں۔ اگر اقبال اس کڑے وقت میں یہ حکیمانہ متبادل پیش نہ کرتے، تو مسلمانوں کا وجود ہندو اکثریت کے ثقافتی سیلاب میں ہمیشہ کے لیے غرق ہو جاتا۔

ایسے پُرآشوب اور نفرت کے ماحول میں علّامہ اقبال کا پیش کردہ فکری خاکہ الفاظ کے بجائے ایک عظیم الشّان عوامی انقلاب کا نقیب ثابت ہوا۔ خطبۂ الٰہ آباد نے مایوسی اور انتشار میں ڈوبی مسلم قوم کو ایک روشن مستقبل کی نوید دی، جس نے آگے چل کر ’’تحریکِ پاکستان‘‘ کی شکل اختیار کرلی۔

اقبال کے اسی فکری فیضان اور قائدِ اعظم محمّد علی جناح کی آہنی قیادت کے بے مثال امتزاج نے تاریخ کا رخ موڑ دیا۔ قائد کی مدبّرانہ بصیرت اور شب و روز کی جدوجہد نے حکیم الامّت کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا اور بالآخر14اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اسلامی فلاحی مملکت ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کا ظہور ہوا۔

آج جب ہم پاکستان کے سیاسی انتشار، معاشی انحطاط اور فکری جمود پر نظر ڈالتے ہیں، تو رُوح کانپ اُٹھتی ہے۔ ہم نے مغرب کی اندھی تقلید میں ریاست کو اخلاقی و اسلامی اقدار سے جدا کر دیا اور علّامہ اقبال کے اس فکری سرمائے سے منہ موڑ لیا، جو’’خطبۂ الٰہ آباد‘‘ کی صورت ہماری اساس تھا۔

ہم نے اسلام کو ایک متحرک آفاقی قوت کے بجائے، صرف رسمی تقریبات تک محدود کردیا۔ ملکی مفادات پر ذاتی اور گروہی ترجیحات کے اس دَور میں، خطبہ الٰہ آباد کے آفاقی پیغام کی طرف لوٹنا اب محض انتخاب نہیں، ملکی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید