• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعرِ مشرق علّامہ محمّد اقبال کی شاعری اور فلسفۂ حیات، عشقِ رسول ﷺ سے عبارت ہے، جس کا بے ساختہ اظہار اُن کے اُردو اور فارسی کلام میں نمایاں ہے۔ اُنھوں نے نعت گوئی کو نیا اسلوب اور آفاقی فکری وسعت عطا کی۔ قرآن و سیرت کے عمیق مطالعے کے بعد اقبال اس نتیجے پر پہنچے کہ آپ ﷺ کی ذاتِ گرامی انسانیت کے لیے ہدایت کا مطلق سرچشمہ اور دین کا بنیادی ستون ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پیغامِ اقبال دراصل ’’حُبِ رسول ﷺ‘‘ ہی کا دوسرا نام ہے۔

آپ کی طبیعت میں سوز و گداز اور عشقِ نبی ﷺ اس درجہ کوٹ کوٹ کر بھرا تھا کہ ذکرِ رسول ﷺ سے بے تاب ہوجاتے، آنکھوں سے زار و قطار آنسو جاری ہو نے لگتے۔​’’روزگارِ فقیر‘‘ میں فقیر سیّد وحید الدین رقم طراز ہیں کہ ’’علّامہ اقبال کی فکر و شاعری کا کُل اثاثہ اور لُبِ لُباب عشقِ رسولﷺ اور اطاعتِ مصطفیٰﷺ ہے۔ اُن کا قلبِ سلیم ہر لمحہ یادِ سرورِ کائنات میں تڑپتا رہتا تھا، بالخصوص حیاتِ مستعار کے آخری ایّام میں یہ شیفتگی اس حد تک سوا ہوگئی تھی کہ نامِ نامی سنتے ہی دیدہ و دل اشک بار ہوجاتے، رقت طاری ہوجاتی اور وہ بڑی مشکل سے ضبط کا دامن تھام پاتے۔‘‘

اقبال کی نظر میں کائنات کے تمام علوم اور دشتِ فلسفہ کی وسعتیں بارگاہِ رسالت کی گردِ راہ ہیں۔ یہی سبب ہے کہ انہوں نے اپنے فکری طمطراق اور عقلی معرکہ آرائیوں کا حاصل حضورِ اکرمﷺ کے قدموں میں نچھاور کرتے ہوئے یہ اعترافِ عاجزانہ کیا کہ ’’عقل جب تک عشقِ رسولﷺ کی ہم رکاب نہ ہو، جادۂ حق سے بھٹکتی رہتی ہے۔‘‘

انہوں نے عطار و رومی، غزالی، مجددِ الف ثانی اور نظام الدین اولیاء جیسے اکابرینِ ملّت کے افکار و احوال کا حوالہ دے کر یہی ابدی سبق سکھایا کہ حیاتِ جاودانی کا حقیقی راز حضورِ ختمِ مرتبتﷺ کی غلامی اور خاکِ پا بن جانے میں پنہاں ہے۔ آپ کے نزدیک، دل میں فروزاں سوزِ عشقِ رسول ﷺ وہ نورِ مبین ہے، جو انسان کو دنیاوی طمع اور مال و زَر کے بے سود بکھیڑوں سے آزاد کر کے ماورائی رفعتوں سے آشنا کرتا ہے۔

اس الہامی فلسفے کی رُو سے، حبِّ الٰہی اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی سچّی تڑپ انسانی زندگی میں ایک ہمہ گیر انفرادی و اجتماعی انقلاب کا پیش خیمہ بنتی ہے۔ یہی وہ لازوال جذبہ ہے، جو ایک فانی اور خاکی وجود کو قدسیت کے اُس اعلیٰ مقام پر فائز کرتا ہے، جہاں ملائک بھی رشک کریں۔ جس طرح بادِ صبا سحر دم مُردہ کلی میں زندگی کی نئی رُوح پھونک دیتی ہے، عین اُسی طرح عشقِ رسول ﷺ انسانِ خاکی کو ایک بے دار، بامقصد اور ابدی حیاتِ جاوداں سے سرشار کر دیتا ہے۔

​علّامہ اقبال کی شاہ کار نظم،’’ دُعا‘‘ (مسجدِ قرطبہ) کا عمیق مطالعہ کیا جائے، تو اُن کا والہانہ اندازِ عقیدت دِلوں کو گرما دیتا ہے۔ اقبال اعلان کرتے ہیں کہ اُن کے سینے میں موجِ زن حیات بخش حرارت اور تابندگی، صرف اور صرف عشقِ رسول ﷺ کی مرہونِ منّت ہے۔ اُن کے قلم سے نکلنے والا سوز و ساز اور نالۂ نیم شبی ہی اُن کی اصل نماز اور حقیقی عبادت ہے۔

شاعرِ مشرق بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں التجا کرتے ہیں کہ’’ 'اے آقا! آپ ہی میرا ملجا و ماویٰ ہیں، مَیں دنیا کے جاہ و جلال اور امراء کے آستانوں سے بے نیاز ہو کر صرف آپ کے دَر کا سائل ہوں۔ آپ ہی میرا محورِ حیات ہیں۔‘‘ اقبال کے نزدیک ،اگر قلبِ مومن تصوّرِ جاناں سے خالی ہو تو یہ رونقِ کائنات ایک تیرہ و تار ویرانہ ہے، اور اگر یادِ مصطفیٰ ﷺ دل میں بس جائے، تو دشت و صحرا بھی رشکِ چمن بن جاتے ہیں۔

​اقبال کے فکری افکار میں مردِ درویش کا ہر عمل عشقِ حقیقی کا آئینہ دار ہے، جو شے عشق کے سانچے میں ڈھل جائے، وہ فنا اور زوال کے خوف سے ماورا ہو جاتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ کائنات میں صرف عشق ہی کو ثبات اور ابدیت کا شرف حاصل ہے۔اُن کے نزدیک عشق کا جوہرِ غایت ذاتِ رسول ﷺ ہے، عشق دراصل تسلیمِ رضا اور کلامِ الٰہی کی عملی تصویر کا نام ہے۔

وہ واضح کرتے ہیں کہ جب تک کوئی غنچہ عشق کی تپش اور حیات کے گرم و سرد سے نہ گزرے، وہ گلِ رعنا بن کر نہیں مہک سکتا، کیوں کہ عشق ہی زندگی کی خام دلی کو پختگی اور کمالِ معرفت عطا کرتا ہے۔ چناں چہ، پاسبانی ٔ حرم اور قیادتِ ملّت کا منصبِ جلیلہ بھی صرف اُسی مردِ حق کا مقدر بن سکتا ہے، جس کا قلب جذبۂ عشقِ رسول ﷺ سے سرشار اور روشن ہو۔ اگر ہماری عبادات میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا سوز شامل نہ ہو تو ہماری تمام ریاضتیں اور سجدے بے روح اور بے اثر ہیں۔

ایسی عبادت انسان کو جہالت و گم راہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کی روشنی میں نہیں لا سکتی۔​ حکیم الامت علّامہ اقبال کی دلی تمنّا تھی کہ اُمّتِ مسلمہ دوبارہ عہدِ رسالت مآب ﷺ اور دورِ صحابہؓ کے اُس چودہ سو سالہ قدیم، مصفّا اور خالص اسلامی طرزِ حیات سے فیض یاب ہو جائے۔ وہ بارگاہِ ایزدی میں ہمیشہ التجا کرتے۔ ’’پروردگار! ہمارے دلوں کو اپنی اور اپنے حبیبِ مکرم ﷺ کی سچّی محبّت سے منور فرما، تاکہ اُمّتِ مسلمہ اُسی روحانی قوّت کے اعجاز سے اپنا کھویا ہوا اوجِ ثریا اور مقامِ سرفرازی دوبارہ پاسکے۔‘‘

حیاتِ مستعار کے آخری ایّام میں جب علیل ہوگئے اورجسم حجازِ مقدّس کے سفر کامتحمّل نہ رہا، تو اُن کا دل اور رُوح مدینۃ النبی ﷺ کی گلیوں کا طواف کرتے رہے۔ اپنے اسی وارفتۂ شوق اور باطنی تڑپ کو انہوں نے اپنی فارسی تصنیف ’’ارمغانِ حجاز‘‘ میں یوں شعری قالب عطا کیا ہے؎ بایں پیری رہ یثرب گرفتم.....نوا خواں از سرور عاشقانہ..... چوں آں مرغے کہ در صحرا سرشام..... کشاید پر بہ فکر آشیانہ (ترجمہ: مَیں نے اس ضعیفی کے عالم میں بھی مدینہ منورہ کی راہ لی ہے اور سرورِ عشق میں ڈوبا ہوا، نغمہ سرا جا رہا ہوں۔

میری کیفیت اس پرندے جیسی ہے، جو صحرا میں شام ڈھلتے ہی اپنے آشیانے کی تڑپ میں پَر تولنے لگتا ہے۔) شاعرِ مشرق نے امّتِ مسلمہ کے ہر فرد، بالخصوص جوانانِ ملّت کو یہ ابدی درس دیا ہے کہ اگر وہ دارین (دنیا و آخرت) میں عزت، وقار اور سرخ روئی کے طلب گار ہیں، تو انہیں اپنی زیست کا ہر لمحہ اور ہر عمل اسوۂ حسنہ اور فرمانِ مصطفیٰ ﷺ کے سانچے میں ڈھالنا ہو گا؎ آ جائے گا تجھے، اقبال جینے کا قرینہ.....تو سرورِ کونین ؐ کے فرمان پڑھا کر۔

علّامہ اقبالؒ کی فکر، فلسفۂ خودی اور پیغامِ بے داری کا محورِ اوّل و آخر عشقِ رسول ﷺ کی وہی لازوال دولت ہے، جس پر اُن کی حیاتِ مستعار کی عمارت قائم ہے۔ وہ اس ِ حقیقت سے پوری طرح آگاہ تھے کہ اُمّتِ مسلمہ زبوں حالی اور جمود کے بھنور سے تبھی نجات پا سکتی ہے، جب وہ آستانہِ مصطفیٰ ﷺ سے رشتۂ غلامی مضبوط کرلے۔

اسی فکری صداقت کو انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے نسخۂ کیمیا ٹھہراتے ہوئے ارشاد فرمایا؎ کی محمّد ؐ سے وفا تُونے تو ہم تیرے ہیں..... یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں۔ اور پھر ذاتِ گرامیِ احمد مجتبیٰ ﷺ کی عظمتِ مطلق اور کائناتی حقیقت کو اس بلیغ انداز میں سمو دیا؎ لوح بھی تُو، قلم بھی تُو، تیرا وجود الکتاب.....گنبدِآبگینہ رنگ تیرے محیط میں حباب۔

سنڈے میگزین سے مزید