کراچی(سید محمد عسکری) جامعہ کراچی میں ایکٹ اور وائس چانسلر کی مرضی کیخلاف تعینات کیے جانیوالے ڈین آف لاء بیرسٹر سرفراز میتلو کے داخلہ پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا بیان سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا صوبے کی دیگر سرکاری جامعات میں بھی کراچی سمیت دیگر اضلاع کے طلبہ کیلئے داخلے مکمل طور پر کھلے ہوئے ہیں یا دیگر جامعات نے بھی داخلوں کیلئے کیٹگری اور کوٹے لگارکھے ہیں اور صرف جامعہ کراچی پر ہی کوٹا اور کیٹگری ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ داخلوں کیلئے حالیہ دباؤ بھی محض لاء کے داخلوں کیلئے ہی ہے۔ تقریبا تمام سرکاری جامعات داخلوں کیلئے پہلے اپنے شہر اور اضلاع کے طلبہ کو فوقیت دیتی ہیں اور ازاں بعد باقی ماندہ نشستوں پر دیگر اضلاع کے طلبہ کی باری آتی ہے جبکہ کراچی میں بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میڈیکل کالج اور یونیورسٹی 50 فیصد نشستوں پر کراچی کے صرف 4 ٹائونز کیماڑی، لیاری، گڈاپ اور ملیر کے طلبہ داخلہ کو داخلہ دیتی ہے جبکہ باقی بچ جانے والی 50 فیصد نشستوں پر کراچی کے دیگر 14 اضلاع کے ساتھ ساتھ پورے سندھ کے طلبہ کا کوٹا ہے، ۔مزید براں اگر سندھ کی دیگر جامعات کی جانب نظر ڈالی جائے تو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کی 1335 داخلہ نشستوں میں کراچی کے طلبہ کیلئے کل 42 نشستیں ہیں، مہران یونیورسٹی مین کیمپس جامشورو کی 953نشستوں میں کراچی کی صرف 20 نشستیں ہیں، قائد عوام یونیورسٹی میں 674 کل نشستوں میں کراچی کی 19 نشستیں ہیں، سندھ یونیورسٹی جامشورہ میں 986 نشستوں میں کراچی کیلئے 14 نشستیں ہیں۔ دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کراچی میں میں BE پروگرام میں دیہی سندھ کیلئے 50% نشستیں مختص ہیں جبکہ کراچی کی نشستیں حیدرآباد اور سکھر کے ساتھ شامل ہیں جب کہ باقی پروگرامز کیلئے اوپن میرٹ ہے۔ این ای ڈی میں اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈ کی مناسبت سے حیدرآباد بورڈ کیلئے 34 میرپورخاص کیلئے 41 نوابشاہ بورڈ کیلئے 17 اور سکھر و لاڑکانہ بورڈ کیلئے 29 نشستیں مختص ہیں جب کہ این ای ڈی کا تھر کیمپس اس کے علاوہ ہے۔ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اندرون سندھ کی ایم بی بی ایس کی 55 نشستیں ہیں جب کہ اندرون سندھ کی میڈیکل جامعات اور کالجز میں کراچی کیلئے الگ سے کوئ نشست نہیں ہے تاہم 20 نشستیں باہمی تبادلے کی بنیاد پر دستیاب ہیں۔