کراچی (ذیشان صدیقی / اسٹاف رپورٹر، اخترعلی اختر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے دسویں روز فلم اسکریننگ، ڈانس ورکشاپ، عصری رقص اور بین الاقوامی میوزیکل پروگرامز سمیت مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، دن بھر جاری رہنے والی تقریبات میں نوجوان رقاصوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ بین الاقوامی میوزیکل کانسرٹ ’’Folk Nights: Roots & Roads‘‘ میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے معروف موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ فیسٹیول کے دوران امریکی ڈانسر کی پرفارمنس، روایتی تھائی ڈانس ورکشاپ اور مختلف ممالک کی فلموں کی نمائش بھی توجہ کا مرکز رہی۔ فیسٹیول میں ڈانس پرفارمنس کے دوران صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ورلڈ کلچر فیسٹیول فنکار اپنے فن، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی ورثے کے ذریعے دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن اور فنکار کا کوئی صنفی امتیاز نہیں ہوتا، مرد ہو یا عورت، ہر فنکار اپنی صلاحیتوں اور محنت سے پہچانا جاتا ہے۔ آرٹ ایک ایسی زبان ہے جو رنگ، نسل، مذہب، زبان اور جنس کی تفریق سے بالاتر ہوکر انسانوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ انہوں کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے یہ تمام فنکار امن، محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے فن کے ذریعے امن کا پیغام دینے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ فیسٹیول کے دسویں روز کی سرگرمیوں کا آغاز ’’ORBIT DANCE BATTLE‘‘ کے آڈیشن راؤنڈ سے کیا گیا، مقابلے کی میزبانی ناروے کے معروف ڈانسر نوید رضوانی نے کی، جبکہ ناروے کی ڈی جے کیتھرین کی ہپ ہاپ بیٹس پر نوجوان رقاصوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ رقص پیش کیا۔ مقابلے میں ججز کے فرائض معروف ڈانسر مانی چاؤ، رقاصہ نگہت چوہدری اور لوکس ڈی وائن (Lucs Dewyne) نے انجام دیے۔