کراچی (سید محمد عسکری) سندھ کے ضلع میرپور خاص کے سرکاری اسکولوں میں 14اساتذہ اور دیگر ملازمین کی مبینہ جعلی بھرتیوں، غیر قانونی طور پر پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق اور سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ سامنے آگیا ہے، جس کا صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سیکریٹریٹ کی سطح کے سینئر افسران پر مشتمل اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مبینہ جعلی بھرتیوں، پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق، تنخواہوں کی منظوری و ادائیگی اور سرکاری فنڈز کے ممکنہ غلط استعمال کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرے گی۔ ابتدائی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مشتبہ اساتذہ اور ملازمین کے نام محکمہ تعلیم کے بائیومیٹرک رجسٹریشن ڈیٹا بیس میں موجود ہی نہیں، تاہم ان کے نام پر پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق اور تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق میرپورخاص کے سرکاری اسکولوں میں تعینات ظاہر کئے گئے 14مشتبہ اساتذہ اور ملازمین کی نشاندہی کے بعد معاملہ اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیا گیا، جس میں ان ملازمین کی بھرتیوں، تعیناتیوں، پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق اور تنخواہوں کی ادائیگی کے قانونی جواز پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ بائیومیٹرک ریکارڈ میں نام موجود نہ ہونے کے باوجود مشتبہ ملازمین کی پرسنل آئی ڈیز کس طرح تخلیق ہوئیں اور ان کے نام پر سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی ادائیگی کا عمل کیسے ممکن ہوا۔ واضحرہے کہ مبینہ جعلی بھرتیوں اور تنخواہوں کی غیر قانونی ادائیگی سے متعلق شکایات کی حتمی حقیقت انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔