کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کا قانون کی تعلیم میں کراچی کے طلبا کو ترجیح دینا نیا تصور نہیں ہےبلکہ یہ پالیسی اس بنیادی تصور کی عکاس ہے کہ جامعہ مقامی آبادی کی تعلیمی ضرورت میں توازن رکھے، نجی شعبے میں بھی کراچی کے بیشتر قانون کے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے کوئی علاقائی ترجیح مقرر نہیں، اندرون سندھ 34 سرکاری و نجی لاء کالجز جہاںطلبہ کو اپنے علاقوں قانون کی تعلیم کے متعدد مواقع میسر ہیں۔ کراچی جیسے ملک کے سب سے بڑے اور گنجان آباد شہر کے نوجوانوں کو اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مناسب نمائندگی اور ترجیحی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہر کی آبادی، تعلیمی ضروریات اور مقامی طلبہ کی بڑی تعداد کے پیش نظر سرکاری جامعات کی داخلہ پالیسیوں میں کراچی کے نوجوانوں کے جائز تعلیمی مفادات کو مناسب اہمیت دی جانی چاہیے۔ جامعہ کراچی میں یہ اصول کوئی نیا تصور نہیں بلکہ ایک دیرینہ داخلہ پالیسی کا حصہ ہے، جسکے تحت اسکول آف لاء میں کراچی کے طلبہ کو پہلی ترجیح دی جاتی ہے، اسکے بعد اندرون سندھ اور پھر ملک کے دیگر علاقوں کے امیدواروں کو داخلے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ پالیسی اس بنیادی تصور کی عکاس ہے کہ شہر میں قائم سرکاری جامعہ اپنی مقامی آبادی کی تعلیمی ضروریات اور وسیع تر قومی تعلیمی ذمہ داریوں کے درمیان توازن برقرار رکھے۔ کراچی میں تقریباً 13 معروف سرکاری اور نجی لاء کالجز، جامعات اور اسکول آف لاء قائم ہیں، تاہم ان میں سے بیشتر اداروں میں داخلے اوپن میرٹ کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں۔ علاقائی بنیاد پر ترجیحی داخلوں کا طریقہ کار اختیار کرنے والے اداروں میں بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کا ملیر میں واقع لاء کالج اور جامعہ کراچی کا اسکول آف لاء شامل ہیں۔ بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے لاء کالج میں صوبائی اسمبلی سے منظور شدہ ایکٹ کے تحت 50 فیصد داخلے لیاری، ملیر، گڈاپ اور کیماڑی کے چار ٹاؤنز کے طلبہ کے لیے مختص ہیں، جبکہ باقی 50 فیصد نشستوں پر کراچی کے دیگر 16 ٹاؤنز اور اندرون سندھ کے طلبہ کو داخلے دیئے جاتے ہیں۔