• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کلچر فیسٹیول، سوئیڈش آرٹسٹ کی ورکشاپ، آذری ٹرینر کا یوگا سیشن

کراچی(اخترعلی اختر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے تیرہویں روز آرٹ، یوگا، فلم اور تھیٹر کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔روز،سوئیڈش آرٹسٹ کی ورکشاپ، آذری ٹرینر کا یوگا سیشن،تھیٹر پلے ’’بیگم جان‘‘ اور ’’تعلیم بالغان‘‘ میں عوام کا بے پناہ رش، دروازے بند کرنا پڑے۔ دن کا آغاز سویڈن کی نامور آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر مبنی خصوصی ورکشاپ سے ہوا، جبکہ آذربائیجان کی ٹرینر گونائی اسماعیلووا نے شرکاء کے لیے خصوصی یوگا سیشن منعقد کیا۔ دن بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں میں طلباء، نوجوانوں اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر خصوصی ورکشاپ آرٹس کونسل کی لابی میں منعقد کی گئی، جس میں انہوں نے مختلف عملی اور تخلیقی مشقوں کے ذریعے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ میں خاکہ سازی، بصری اظہار اور جدید فنکارانہ تکنیکوں پر توجہ دی گئی۔ شرکاء نے مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور فن کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کی مشق کی۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس شہر اور اس ادارے میں بے شمار رنگ، جذبہ اور محبت شامل کر رہی ہیں۔ تمام طلباء کے لیے خوشخبری ہے کہ ڈومی مارچ میں کم از کم دو ہفتوں کے لیے دوبارہ آرٹس کونسل آئیں گی، جہاں وہ باقاعدہ تدریس اور تربیت فراہم کریں گی۔سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی تصویروں کے ذریعے کہانی سناتے ہیں۔ اس ورکشاپ کی سب سے اہم بات یہ نہیں کہ اس دوران کیا ہوا بلکہ یہ ہے کہ اس کے بعد آپ کیا کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ اردگرد کتنی ہی ہلچل کیوں نہ ہو، انسان اپنے اندرونی سکون اور جذبے کی چنگاری برقرار رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی احساسات سامنے آئیں، انہیں دل سے قبول کریں کیونکہ آرٹ ہی سب کچھ ہے جبکہ آذربائیجان کی ٹرینر گونائی اسماعیلووا (Gunay Ismayilova) کی جانب سے ’’Find Your Flow‘‘ کے عنوان سے گائیڈڈ یوگا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید