• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی حاضری لگانے والے ملازمین اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کراچی (سید محمد عسکری) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی جعلی اور پراکسی حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس عمل میں ملوث ملازمین کو ملازمت سے برطرف کرنے تک کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے جعلی حاضری کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں بعض تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کی جانب سے اسکولوں میں جسمانی طور پر موجود نہ ہونے کے باوجود جعلی، پراکسی یا ڈیجیٹل طریقوں سے حاضری لگانے کے غیر قانونی عمل کا انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹس لیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی استاد یا غیر تدریسی ملازم اسکول میں موجود ہوئے بغیر کسی دوسرے شخص کے ذریعے یا ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل کرکے اپنی حاضری لگواتا پایا گیا تو اسے غیر مجاز طور پر غیر حاضر تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف سندھ سول سرونٹس ایکٹ 1973ء اور سندھ سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز کے تحت فوری تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی، جس کے نتیجے میں ملازمت سے برطرفی بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ جعلی حاضری لگانے والے ملازمین کے ساتھ اس غیر قانونی عمل میں معاونت یا سہولت فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید