• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ویکسین کی چوری روکنے کیلئے 3 ڈیجیٹل سسٹم موجود، پھر بھی سنگین خامیاں

کراچی (بابر علی اعوان) ضلع وسطی کراچی میں سرکاری ویکسین نجی اسپتال سے برآمد ہونے کے معاملے نے ضلعی سطح پر ویکسین کی ترسیل، تقسیم اور استعمال کی نگرانی میں سنگین خامیوں کو بے نقاب کردیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) نے سرکاری ویکسین کی چوری، غیر قانونی منتقلی اور فروخت کی روک تھام کے لیے تین مختلف ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرا رکھے ہیں، جن کے ذریعے مرکزی اسٹور سے لے کر ڈسٹرکٹ، ٹاؤن اور متعلقہ ای پی آئی سینٹر تک ویکسین کی منتقلی اور بچوں کو لگائی جانے والی ویکسین کا ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے، تاہم ان نظاموں پر ضلعی سطح پر مؤثر عملدرآمد اور اسٹاک کی نگرانی نہ ہونے کے باعث سرکاری ویکسین نجی اسپتال تک پہنچ گئی۔ ای پی آئی کی جانب سے کسی بھی ضلع کو سرکاری ویکسین فراہم کیے جانے پر اس کا مکمل اندراج ویکسین لاجسٹکس مینجمنٹ سسٹم (VLMIS) میں کیا جاتا ہے، جس میں ویکسین کی قسم اور فراہم کردہ مقدار کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ انتظامیہ جب یہ ویکسین متعلقہ ٹاؤن کو فراہم کرتی ہے تو اس کی مقدار اور اجرا کا اندراج بھی اسی ڈیجیٹل نظام میں کرنا ہوتا ہے، جبکہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ویکسین متعلقہ ای پی آئی سینٹرز کو فراہم کیے جانے پر بھی اسٹاک کی منتقلی کا ریکارڈ درج کیا جاتا ہے۔ اس طرح ہر ضلع، ٹاؤن اور ویکسین سینٹر کے پاس موجود سرکاری ویکسین کی مقدار کا حساب رکھا جاسکتا ہے اور کسی بھی مرحلے پر اسٹاک میں فرق کی نشاندہی ممکن ہے۔ ویکسین کے استعمال کی نگرانی کے لیے دوسرا نظام سندھ الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری (SEIR) موجود ہے، جس میں ویکسینیٹر کی جانب سے بچے کو ویکسین لگانے کے بعد اس کا نام، والد کا نام، پتہ اور دیگر ضروری کوائف درج کیے جاتے ہیں، تاکہ یہ ریکارڈ موجود رہے کہ کس بچے کو کون سی ویکسین لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ویکسینیٹر کی جانب سے ماہانہ بنیادوں پر اپنے اسٹاک اور ویکسین کے استعمال کی تفصیلات دوبارہ ویکسین لاجسٹکس مینجمنٹ سسٹم میں درج کی جاتی ہیں کہ اسے کتنی ویکسین فراہم کی گئی، اس میں سے کتنی بچوں کو لگائی گئی اور کتنی باقی موجود ہے۔ اسی طرح ویکسین کے استعمال اور حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی کی ماہانہ تفصیلات ای پی آئی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) میں بھی مرتب کی جاتی ہیں۔ تین مختلف ڈیجیٹل نظاموں کے ذریعے ویکسین کی فراہمی، ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی، سینٹرز میں موجود اسٹاک اور بچوں کو لگائی جانے والی ویکسین کا ریکارڈ رکھنے کے باوجود ضلع وسطی کے نجی اسپتال سے سرکاری ویکسین کی برآمدگی نے ضلعی حکام کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب ای پی آئی کی جانب سے فراہم کردہ ویکسین کی مقدار، ٹاؤنز کو اس کے اجرا، سینٹرز میں منتقلی اور بچوں کو لگائے جانے والے ٹیکوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل نظام میں درج کرنا ضروری ہے تو ضلع وسطی میں متعلقہ حکام نے اسٹاک کی باقاعدہ جانچ پڑتال کیوں نہیں کی اور سرکاری ویکسین نجی اسپتال تک کیسے پہنچ گئی؟ واقعے نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ صرف ڈیجیٹل نظام متعارف کرانا کافی نہیں بلکہ ضلعی حکام، متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ اور ویکسین سینٹرز کی جانب سے اس پر مکمل عملدرآمد، ریکارڈ کی باقاعدہ جانچ اور اسٹاک کی جوابدہی بھی ضروری ہے۔

اہم خبریں سے مزید