• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، ملازمین اور اہل خانہ کیلئے تعلیمی فیسوں میں چھوٹ کا اعلان

کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے اپنے مختلف اداروں اور تحقیقی مراکز میں خدمات انجام دینے والے مستقل تدریسی و غیر تدریسی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو تعلیمی فیسوں میں چھوٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت جامعہ کراچی کے پے رول پر موجود نہ ہونے والے مستقل ملازمین، ان کے شریک حیات اور بچوں کو بھی انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلہ، انرولمنٹ، رجسٹریشن، ٹیوشن، سیمسٹر امتحانات اور ڈگری فیس کی مکمل معافی کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر کی منظوری کے بعد قائم مقام رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی کے دستخط سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ کراچی کے مختلف انسٹی ٹیوٹس اور سینٹرز میں خدمات انجام دینے والے ایسے مستقل اور تصدیق شدہ تدریسی و غیر تدریسی ملازمین جو جامعہ کراچی کے پے رول پر نہیں ہیں، اب فیسوں میں رعایت کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس سہولت کا اطلاق ان ملازمین کے شریک حیات اور بچوں پر بھی ہوگا۔ اسی طرح ایم فل، ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ لینے والے متعلقہ مستقل ملازمین کو داخلہ، انرولمنٹ، رجسٹریشن، سیمسٹر امتحانات، تحقیقی مقالے کی جانچ اور زبانی امتحان (وائیوا) کی فیسوں سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تاہم ایم فل، ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں ان ملازمین کے شریک حیات اور بچوں کو سیمسٹر ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں اور حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید