کراچی (ذیشان صدیقی /اخترعلی اختر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے17ویں روز امریکی بینڈ Burn The Ballroom کی خصوصی راک میوزک ورکشاپ، عربی موسیقی کی تربیتی ورکشاپ، مختصر فلموں کی نمائش، بین الاقوامی اسٹریٹ تھیٹر اور مختصر ڈرامے، راک کنسرٹ اور قوالی کی محفل سمیت مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ فیسٹیول کے 16ویں روز بھی امریکی، آئرش، ڈچ اور آسٹریلوی فنکاروں کے تھیٹر اور فلموں سمیت راک کنسرٹ اور قوالی کی محفل نے شائقین کو محظوظ کیا۔فیسٹیول کے 17ویں روز کا آغاز راک میوزک کی خصوصی ورکشاپ سے ہوا، جس میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی بینڈ Burn The Ballroom نے شرکاء کو راک موسیقی کی باریکیوں، دھنوں اور مختلف انداز سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ کے دوران بینڈ کے فنکاروں نے اپنے مخصوص انداز میں مختلف گانے اور شاندار میوزیکل پرفارمنس پیش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔