کرا چی( ذیشان صدیقی، اسٹاف رپورٹر/ اخترعلی اختر ) عالمی کلچر فیسٹیول میں تربیتی سیشن کے دوران استاد نصرت فتح علی خان کی شہرہ آفاق قوالی ’’تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی‘‘ بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد پسند کیا۔ منفرد میوزیکل سیشن کے دوران شرکاء تاجک فنکاروں کی پیش کردہ دھنوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ شام 5 بجے آڈیٹوریم 2 میں امریکی فلم ’’ایلوس‘‘ (Elvis) کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ ہدایت کار باز لہرمن (Baz Luhrmann) کی یہ بائیوگرافیکل ڈرامہ فلم معروف امریکی راک اینڈ رول لیجنڈ ایلوس پریسلے (Elvis Presley) کی زندگی، ان کے شاندار فنی سفر، موسیقی کی دنیا میں ان کے نمایاں مقام اور مینیجر کرنل ٹام پارکر (Colonel Tom Parker) کے ساتھ ان کے پیچیدہ تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔