ہیکرز نے امریکا کے سب سے بڑے بینکوں میں شمار ہونے والے جے پی مورگن چیس کے ہزاروں صارفین کا ڈیٹا لیک کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ صارفین میں بینک کے خصوصی اور مہنگے کریڈٹ کارڈ پروگرام کے ممبرز بھی شامل ہیں، جب کہ عالمی ادائیگیوں کی بڑی کمپنیاں ویزا اور ماسٹرکارڈ بھی سائبر حملے کی زد میں آ گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’این زیرو این (n0n)‘ نامی رینسم ویئر گروپ نے تاوان کی ادائیگی کی تقریباً 48 گھنٹے کی مہلت ختم ہونے کے بعد مبینہ طور پر چوری شدہ ڈیٹا آن لائن جاری کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق لیک ہونے والی معلومات میں جے پی مورگن چیس کے تقریباً 16 ہزار صارفین کے ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور اکاؤنٹ آئی ڈیز شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیک ہونے والا ڈیٹا جے پی مورگن چیس کے خصوصی ریزرو کریڈٹ کارڈ پروگرام سے منسلک معلوم ہوتا ہے۔
یہ پروگرام انتہائی دولت مند صارفین کے لیے ہے، جن کے زیرِ انتظام عموماً کم از کم 1 کروڑ ڈالرز کے اثاثے ہوتے ہیں۔
جے پی مورگن چیس بینک نے تصدیق کی ہے کہ ہیکرز نے کمپنی کو خدمات فراہم کرنے والے کچھ بیرونی اداروں کو نشانہ بنایا اور وہاں محفوظ بعض مارکیٹنگ کی معلومات تک رسائی حاصل کی۔
اس حوالے سے عالمی ادائیگیوں کا نیٹ ورک فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنی ویزا نے تصدیق کی ہے کہ ایشیاء پیسیفک میں کمپنی کے ایک تھرڈ پارٹی سروس فراہم کنندہ کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم کمپنی کے اپنے سسٹمز متاثر نہیں ہوئے اور نہ ہی کارڈ نمبرز یا ادائیگیوں سے متعلق معلومات تک رسائی کے شواہد ملے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادائیگیوں کا نیٹ ورک فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی ایک اور معروف کمپنی ماسٹر کارڈ نے بتایا کہ کمپنی کے ایک بیرونی سروس فراہم کنندہ کے ڈیٹا میں مخصوص بینیفٹ پروگرام سے منسلک محدود تعداد میں صارفین کے ای میل ایڈریس افشا ہوئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ادائیگیوں کا نیٹ ورک اور صارفین کے کارڈز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیکرز نے مکمل ڈیٹا چوری کیا ہے یا صرف اس کا ایک حصّہ جاری کیا ہے۔
