• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی میں 9 سالہ بچے کا انوکھا مذاق، سانپ کی جعلی تصویر سے خوف و ہراس پھیلا دیا

— فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
— فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ایک جعلی تصویر نے اٹلی کے ایک قصبے میں ایسی افراتفری مچائی کہ پولیس اور فائر فائٹرز 2 روز تک ایک بڑے سانپ کو تلاش کرتے رہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ اٹلی کے علاقے مارکے کے قصبے کاسیل فیداردو میں پیش آیا، جہاں ایک بچے نے اے آئی کی مدد سے ایسی تصویر تیار کی جس میں ایک بڑا سانپ ٹوائلٹ سیٹ سے باہر نکلتا دکھائی دے رہا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9 سالہ بچہ اپنی ایک دوست کے گھر موجود تھا، جہاں اس نے موبائل فون سے باتھ روم کی تصویر بنائی اور اے آئی ایپ کے ذریعے اس میں ایک سانپ کی تصویر شامل کر دی اور پھر  گھر کے بڑوں کو تصویر دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹوائلٹ سے سانپ نکل آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تصویر دیکھ کر گھر والے خوفزدہ ہو گئے اور فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دے دی، جس کے بعد اطالوی شہر اوزیمو سے فائر فائٹرز موقع پر پہنچے اور گھر کے باتھ روم سمیت مختلف حصوں کی تلاشی لی لیکن انہیں سانپ نہیں ملا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتداء میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ سانپ کھلی کھڑکی سے باہر نکل گیا ہو گا یا کسی خفیہ جگہ چھپ گیا ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق اگلے روز جنگلی اور غیر ملکی جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اطالوی محکمۂ جنگلات کے خصوصی یونٹ (CITES) کے اہلکار بھی تلاش میں شامل ہو گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 48 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے بعد حکام نے بچے کے موبائل فون میں محفوظ اصل تصویر کا جائزہ لیا تو حقیقت سامنے آ گئی۔

بچے نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اے آئی ایپ کے ذریعے ٹوائلٹ کی تصویر میں سانپ شامل کیا تھا اور یہ محض ایک مذاق تھا اور اس نے حکام سے معذرت بھی کی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید