• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ: پناہ گزینوں کی رہائش کا ہوٹل بند، مقامی کمیونٹی کے حوالے

---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا 

اسکاٹ لینڈ کے شہر فالکرک میں پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والا ہوٹل دی کلاڈہن بند کر کے مقامی کمیونٹی کے حوالے کر دیا گیا۔

برطانوی وزارتِ داخلہ نے ہوٹل کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ہوٹل گزشتہ اگست سے پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے استعمال نہیں ہو رہا تھا۔

ہوٹل کے باہر گزشتہ موسمِ گرما میں امیگریشن پالیسی کے حق اور مخالفت میں متعدد مظاہرے ہوئے جن میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، بعض مظاہروں کے دوران کشیدگی پیدا ہوئی اور متعدد افراد گرفتار بھی ہوئے، مقامی آبادی نے امن و امان اور عوامی تحفظ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

ان خدشات کے دوران شہر میں پیش آنے والے جنسی جرائم کے 2 الگ واقعات کا حوالہ بھی دیا گیا، ایک مقدمے میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے پناہ گزین کو 15 سالہ لڑکی سے زیادتی کے جرم میں سزا ہوئی جبکہ دوسرے مقدمے میں ہوٹل کے ایک سابق رہائشی کو 2 خواتین سے جنسی زیادتی کے جرم میں 4 سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم یہ انفرادی جرائم تھے، جنہیں تمام پناہ گزینوں سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔

دی کلاڈہن ہوٹل کو پہلی مرتبہ 2021ء میں سابق کنزرویٹو حکومت کے دور میں پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے استعمال کیا گیا تھا، اس کے علاوہ ڈمفریز کے قریب واقع مرکیور کارجن ہولم ہوٹل کو بھی فروری میں بند کرنے کی تصدیق کی گئی ہے، یہ ہوٹل 2023ء کے موسمِ گرما سے اکیلے مرد پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے استعمال ہو رہا تھا جس پر مقامی آبادی کی جانب سے تحفظات سامنے آتے رہے ہیں۔

برطانوی وزیر برائے سرحدی سلامتی و پناہ اینا ٹرلی کا کہنا ہے کہ حکومت امیگریشن نظام میں انصاف اور کنٹرول بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والوں اور پناہ کی درخواستوں میں کمی آئی ہے جبکہ درخواستوں پر کارروائی اور ملک بدری کے عمل میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والے تمام ہوٹل بند کرنا ہے، وزارتِ داخلہ کے مطابق ہوٹلوں سے منتقل کیے جانے والے پناہ گزینوں کو متبادل اور نسبتاً بنیادی رہائشی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جن میں سابق فوجی بیرکیں بھی شامل ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کی بندش کے فیصلوں میں مقامی آبادی کے تحفظات کو مدِنظر رکھا جا رہا ہے جبکہ پناہ گزینوں کے لیے مناسب متبادل رہائش کا انتظام بھی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید