پاکستان نے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ محمد عماد اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں، تاہم دوسرے کوارٹر کے تیسرے منٹ، یعنی میچ کے 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلادی۔
ہاف ٹائم پر پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے اپنی برتری مزید مستحکم کی اور 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کرکے اسکور 0-2 کردیا۔
کینیڈا نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش کی اور 45ویں منٹ میں کیرن رابنسن نے گول کرکے پاکستان کی برتری دو ایک کردی۔
تاہم آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید تین گول داغ دیے۔
48ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ 52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری چار ایک کردی۔
53ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی برتری پانچ ایک کردی۔
پاکستان کی کامیابی میں پنالٹی کارنرز پر عمدہ کارکردگی نمایاں رہی۔ قومی ٹیم نے اپنے پانچ میں سے تین گول پنالٹی کارنرز پر جبکہ دو فیلڈ گول اسکور کیے۔
کینیڈا کی جانب سے واحد گول کیرن رابنسن نے کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ کل امریکا کیخلاف کھیلے گی۔