اسلام آباد(این این آئی)نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی تنخواہ اور مراعات کا ریکارڈ پیش کردیا گیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی ،سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہان نجی بینک افسر فیصل شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن قمر زمان اور ڈائریکٹر بجٹ قومی اسمبلی شیر دل خان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔فیصل شہزاد نے اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں جب کہ استغاثہ کے گواہ شیر دل خان نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار این اے 95 لاہور سے 1993 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، اسحاق ڈار نے 16 دسمبر 1993 کو بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھایا اور 4 نومبر 1996 تک رکن قومی اسمبلی رہے، گواہ نے عدالت کو بتایا کہ جب کوئی رکن قومی اسمبلی بنتا ہے تو اسے تنخواہ کی ادائیگی شروع ہو جاتی ہے، 1993 میں اسحاق ڈار 14 ہزار روپے ماہوار تنخواہ لیتے تھے۔