لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز سمیت ن لیگ کے رہنماؤں کے عدلیہ مخالف بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے وفاق اور پیمرا سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، درخواستگزار آمنہ ملک کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کا حکم دے رکھا ہے کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ 3جے کے تحت عدلیہ پر تنقید نہیں کی جا سکتی، عدالتی حکم کے باوجود نواز شریف، مریم نواز اور ن لیگی عہدیداران نے مختلف مواقع پرعدلیہ پر تنقید کی جبکہ پیمرا نے عدلیہ پر تنقید روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، توہین عدالت سے متعلق تقاریر کی نشریات نہ روکنے پر پیمراء کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ، سرکاری وکیل نے جواب داخل کرنے کی مہلت طلب کی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔