پشاور( گلزار محمد خان ) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان اورایک خاتون رکن اسمبلی کے مابین اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل میں لڑائی کے دوران خاتون نے درجنوں افراد کی موجودگی میں صوبائی وزیرپر انتہائی غیر اخلاقی اور شرمناک الزامات لگائے تاہم شاہ فرمان لاجواب اور شرمسار کھڑے رہے جبکہ ہوٹل کی لابی میں موجود لوگ یہ تماشا دیکتے رہے۔ اس بات کا انکشاف پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر معدنیات ضیا اللہ آفریدی نے صوبائی اسمبلی میں جمع کردہ تحریک التوا میں کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’’ صوبائی اسمبلی کی کارروائی روک کر اس اہم مسئلہ پر بحث کی اجازت دی جائے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان و صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان اور ایک خاتون رکن صوبائی اسمبلی کے درمیان اسلام آباد کے ایک فائیو سٹار ہوٹل کی لابی میں انتہائی غیر اخلاقی اور شرمناک الزامات کا تبادلہ ہوا، اس وقت ہوٹل کی لابی میں موجود سینکڑوں افراد نے بھی یہ تماشا دیکھا، اس تکرار اور لڑائی کے دوران خاتون ایم پی اے نے صوبائی وزیر شاہ فرمان پر انتہائی غیر اخلاقی اور غیر پارلیمانی الزامات لگائے مگر ان الزامات کا شاہ فرمان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اسلئے وہ شرمسار کھڑے رہے چنانچہ اس طرح کے واقعات خیبر پختونخوا کے غیرت مند عوام کیلئے باعث شرم ہیں چونکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی خاتون رکن پورے صوبہ کی خواتین کی نمائندگی کرتی ہے اسلئے کسی خاتون رکن اسمبلی کیساتھ اس قسم کی حرکات پورے صوبہ کی خواتین کی توہین کے مترادف ہے لہذا صوبائی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سے واقعہ کی ریکارڈنگ حاصل کرکے انکوائری کرے‘‘ ضیا اللہ آفر ید ی کی اس تحریک التوا اور الزامات کے حوالے سے جب خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایا کہ اسمبلی میں کوئی قرار داد یا تحریک التوا اس وقت جمع کرائی جاتی ہے جب کوئی واقعہ ہوتا ہے ، جس واقعہ کے حوالے سے تحریک التوا جمع کرائی گئی ہے اگر ایسا کوئی واقعہ ہوا ہے تو اس کی شکایت کنندہ کہاں ہے؟ ضیا اللہ آفریدی نے جو تحریک التوا جمع کرائی ہے اس کا جواب آج تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی دیں گے، جب ضیا اللہ آفریدی سے تحریک التوا کے بارے میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے’’ جنگ‘‘ کو بتایاکہ اس واقعہ پر ایک نجی ٹی وی چینل نے پروگرام بھی کیا ہے جہاں تک واقعہ کا تعلق ہے تو ہوٹل کے کیمروں کی ویڈیو نکالی جائے اس میں نہ صرف واقعہ بلکہ شکایت کنندہ خاتون کا بھی پتہ چل جائیگا ، انہوں نے کہاکہ خاتون ایم پی اے صوبائی اسمبلی بلکہ پورے صوبہ کی عزت ہے، ویڈیو نکالنے کے بعد اس خاتون سے بھی اصل حقائق معلوم کئے جائیں۔