ٹنڈومحمد خان(نامہ نگار)تحصیل بلڑی شاہ کریم کے گاؤں مگسی فارم کی رہائشی خاتون خدیجہ کپری نے ڈسڑکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی 9سالہ روبینہ کے ساتھ علاقے کے بااثرشخص نے زیادتی کی ہے اور اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ متاثرہ خاندان نے واقعہ کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان نسیم آرا پہنور نے نوٹس لے کر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بلڑی شاہ کریم کو ٹنڈومحمدخان پہنچ کر تحقیقات کا حکم دیا، جس پر متاثرہ بچی اور اس کی والدہ سے سٹی تھانے ٹنڈومحمدخان میں واقعہ کی معلومات بھی لی اور میڈیکل کرانے کیلئے لیٹر بھی جاری کیا بعدازاں متاثرہ بچی کی والدہ خدیجہ کپری کی مدعیت میں ابراہیم مگسی، ،شیر مگسی اورجانا میمن کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے کمیٹی میں سربراہ اے ایس پی ٹنڈمحمدخان عبداللہ لک اور دیگر آفسران شامل ہیں جبکہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے اور ان کی عدم گرفتاری کے باعث چارافراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس ترجمان کے مطابق کمسن بچی روبینہ کے ساتھ زیادتی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے۔