• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل ،زخمی ڈیرن سیمی کا وارپشاور نے کوئٹہ سے جیت چھین لی

شارجہ(عبدالماجد بھٹی؍نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیر ن سیمی زخمی شیر کی طرح کوئٹہ کے بولروں پر حملہ آور ہوئے، دو چھکے اور آخر اوور کی چوتھی گیند پر چوکا مار کر پشاور کو ناممکن دکھائی دینے والی جیت دلوادی۔ گلیڈی ایٹرز کا 8وکٹوں کے نقصان پر 142رنز کا ہدف پشاور زلمی نے آخری اوورز میں حاصل کیا۔ پاکستان سپر لیگ میں محمد حفیظ اور تمیم اقبال کی پر اعتماد بیٹنگ کے باعث دفاعی چیمپین پشاور زلمی نے دوسری کامیابی اپنے نام کر لی۔ڈیر ن سیمی نے نا ممکن کو ممکن بنا دیا۔پشاور نے گذشتہ سال کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ ڈرامائی مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے جیت لیا۔ڈیر ن سیمی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سےچار گیندوں پر سولہ رنز بنائے اور سرفراز الیون سے فتح چھین لی۔پی ایس ایل میں پشاور اور کوئٹہ نے چار چار میچ کھیلے ہیں۔دو دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور دو دو میں انہیں شکست ہوئی ہے۔جمعرات کی شب شارجہ میںپشاور نے143 رنز19.4اوورز میں بناکر تماشائیوں میں زندگی کی نئی لہر ڈال دی ۔حفیظ اور تمیم اقبال کی موجودگی میں میچ یکطرفہ دکھائی دے رہا تھا۔دونوں اوپر تلے آوٹ ہوئے اور اس کے بعد کوئٹہ نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی پھر ڈیرن سیمی نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔۔آخری اوور میں جیت کے لئے دس رنز درکار تھے۔ڈیرن سیمی نے تکلیف میں بیٹنگ کی۔پہلی گیند پر راحت کو چھکا مارا۔آخری اوور میں انور علی کو دوسرا چھکا مار دیا۔پھر چوکا مارکر ہدف مکمل کرلیا۔زلمی کی اننگز میں کامران اکمل دس رنز بناکر شین واٹسن کی گیند پر کیچ ہوئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ڈوئن اسمتھ تھے جو محمد نواز کی آرم بال کو سمجھ نہ سکے اور 23 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔محمد حفیظ نے34گیندوں پر29رنز بنائے۔انہوں نے تمیم اقبال کے ساتھ54رنز کی شراکت قائم کی۔
تازہ ترین