• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی کنٹینر روانہ، ہیوسٹن میں تقریب

پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد اور بحالی کے لیے طبی آلات اور ضروری طبی سامان پر مشتمل تین امدادی کنٹینرز روانہ کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں ہیوسٹن، ٹیکساس میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سفارتی نمائندگان، فلاحی اداروں کے عہدیداران، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران بتایا گیا کہ روانہ کیے جانے والے تینوں کنٹینرز میں موجود طبی آلات اور سامان کی مجموعی مالیت چھ لاکھ امریکی ڈالر سے زائد ہے، جو پاکستان کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں واقع اسپتالوں اور طبی مراکز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھیجے جا رہے ہیں۔ 

یہ انسانی ہمدردی کا اقدام الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ ، پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن، ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا ساؤتھ ٹیکساس چیپٹر، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور میڈیکل بریجز کے باہمی اشتراک سے ممکن بنایا گیا۔

تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل برائے ہیوسٹن محمد آفتاب چوہدری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے تمام اشتراکی اداروں اور شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور دوست ادارے مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر عملی مدد فراہم کر رہے ہیں، جو قابل ستائش ہے۔

محمد آفتاب چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں نہ صرف متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھیں گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان انسانی ہمدردی اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گی۔

تقریب کی نظامت پاکستان سیلاب ریلیف و بحالی مہم کے کوآرڈینیٹر محمد سعید شیخ نے انجام دی۔ انہوں نے استقبالی کلمات میں میڈیکل بریجز کے نمائندے مسٹر والٹر الرچ کی غیر معمولی خدمات، خلوص اور پاکستان سے دیرینہ وابستگی کو سراہا، جبکہ قونصل جنرل اور تمام شراکت دار اداروں کا بھی مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مسٹر الیاس چوہدری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی ضروریات اور اب تک کی جانے والی امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں کنٹینرز متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی بہتری اور ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

میڈیکل بریجز کے مسٹر والٹر الرچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ادارہ ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کے لیے آگے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا سابقہ دورہ پاکستان زمینی حقائق اور طبی ضروریات کو سمجھنے میں انتہائی مفید ثابت ہوا، جس کی بنیاد پر یہ ہدفی اور مؤثر امداد ممکن بنائی گئی۔

کنٹینرز کی روانگی کے موقع پر علامتی ربن کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں شریک نمایاں شخصیات میں ایلن بورجوا، وقار خان، سعد انصاری، معیز خان، اے رحمٰن پٹیل، اعظم اختر، محمود احمد، خالد سعید، جمیل صدیقی اور دیگر معزز مہمان شامل تھے۔

منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکمل بحالی اور پائیدار طبی و انسانی امداد کی فراہمی تک پاکستان سیلاب ریلیف و بحالی مہم کے تحت اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید