• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت کی شمولیت سےپی ٹی آئی میں مسائل کھڑے ہوں گے، زبیر شاہین

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل مڈلینڈ کے چیئرمین محمد زبیر شاہین نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کی خریدو فروخت کے بعد عامر لیاقت حسین کا تحریک انصاف میں شامل ہونا عمران خان کے لیے بے شمار مسائل کھڑے کردے گا ۔ عمران خان کے زرداری کے ساتھ گٹھ جوڑ پر عمران کی سیاست کھل کر سامنے آگئی جس کرپشن کے خلاف عمران خان نے مہم شروع کی تھی دھرنے دیئے تھے ، نواز شریف اور آصف زرداری کو چور کہا تھا ان کے اپنے لوگوں کی بولیاں لگ گئیں، آصف زرداری نے ایسی سیاست کی کہ تحریک انصاف کی قیادت کے ہوش اڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پانچ سالہ جدوجہد کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، نئے کھلاڑی تلاش کرتے کرتے آخر کار انہوں نے پرانے بدنام زمانہ سیاستدانوں کی بھرتی شروع کر دی، ن لیگ اور پی پی کے کرپٹ سیاستدانوں نے اپنی وفاداریاں بدلنا شروع کردی ہیں ۔ عمران خان کو وزیر اعظم بنانے کا لالچ دیا گیا اور آصف زرداری، بلاول زرداری وزیر اعظم بننے کے موقف سے دستبردار ہوگئے ہیں اور صدارت کے لیے تیارکئے گئے ہیں ۔ زبیر شاہین نے کہا کہ الیکشن سے پہلے جو ڑ توڑ کیا جائے گا۔ نیب میں نواز شریف کی تحقیقات کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے اور الیکشن کے قریب جا کر کوئی فیصلہ آئے گا حالات ایسے نظر آرہے ہیں کہ مرکز میں ایک کمزور حکومت ہوگی، ساری جماعتیں صوبوں تک محدود ہو جائیں گی، اس وقت ساری توجہ نواز شریف سے ہٹ کر عمران خان پر مرکوز ہوچکی ہے کہ وہ اس بحران اور دبائو سے کیسے نکل سکتے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لیے کیا کریں گے ۔
تازہ ترین