• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3مئی کا دن برمنگھم عوام کے لئے تبدیلی لائے گا، جان ہنٹ

برمنگھم (پ ر) لبرل ڈیمو کریٹ کے لیڈر جان ہنٹ نے کہا ہے کہ3مئی کا دن برمنگھم کی عوام کے لیے تبدیلی کا سورج لے کر نکلے گا، جس دن برمنگھم کےعوام لیبر کی لوکل گورنمنٹ کو مسترد کردیں گے اور لبرل ڈیمو کریٹ کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں منتخب کریں گے اور ایک بار پھر برمنگھم کے عوام کو صاف ستھرا، ہرا بھرا اور پرسکون برمنگھم کی نوید کا پیغام لے کر آئے گا۔ ایک اور بیان میں سائوتھ یارڈلی سے نامزد کونسلر ذاکر اللہ خان، سمال ہیتھ سے نامزد کونسلر راجہ شوکت علی خان بورڈزلےگرین سے نامزدکونسلر محمد سعید اور ہارٹ لینڈ سے نامزد کونسلرفیصل محمود نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ موجودہ لوکل کونسل جو لیبر حکومت ہے وہ تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ گزشتہ سال کچرا اٹھانے والے ملازمین کی ہڑتال پر لیبر کونسلرز نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا اور کئی کئی ہفتوں تک برمنگھم کی گلیاں کچرا کنڈی بنی رہیں، ہونا تو یہ چاہیے تھا اس سال برمنگھم کے عوام کو کونسل ٹیکس میں ریلیف دیا جاتا مگر لیبر حکومت نے برمنگھم کے شہریوں پر اضافی کونسل ٹیکس ڈال دیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ سپورٹس اور دیگر مثبت سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نسل بے راہ روی اور دیگر اخلاقی برائیوں میں مبتلا ہورہی ہے۔ ایسے موقع پر لبرل ڈیمو کریٹ کی ٹیم برمنگھم کے شہریوں کو یہ یقین دلاتی ہے کہ موجودہ الیکشن کا سال تبدیلی کا سال ہے اور3مئی کا سورج برمنگھم کے عوام کی کامیابی کا سورج بن کرطلوع ہو گا، جب لبرل ڈیمو کریٹ کے کونسلرز بڑی تعداد میں کامیاب ہوکر کونسل میں پہنچیں گے۔
تازہ ترین