سجاول (نامہ نگار) دڑو گینگ ریپ کے ملزمان کی مزید انکشافات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔ 2010ء میں قتل کیے گئے مہران قریشی کے والد کا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ انصاف کیلئے دڑو پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مقتول مہران کے معصوم بھائی اور بہنوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر بااثر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دڑو کے رہائشی اسلم قریشی نے اپنے بچوں اور اہلخانہ کے ساتھ دڑو پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور کہا کہ ملزم امر جمانی نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر 16؍ اپریل 2010ء کو ان کے بیٹے 19 سالہ مہران قریشی سے اجتماعی بدفعلی کے بعد وڈیو رکارڈ کرکے اسے قتل کردیا تھا جس کی ایف آئی آر ہم نے دڑو تھانے پر درج کروائی تھی لیکن با اثر ملزمان نے سیاسی اثر رسوخ استعمال کرکے دڑو تھانے کے ایس ایچ او نورالدین بروہی کا تبادلہ کروا دیا اور کیس کے کاغذات میں ردو بدل کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، بعد ازاں قتل کے عینی گواہوں پر سیاسی دباؤ ڈال کر اور لالچ کے ذریعے انہیں اپنے بیانات سے پھیر دیا گیا۔ اس طرح مقتول مہران قریشی کے قتل کا مقدمہ سرد خانے کی نذر ہو کر میرے معصوم بیٹے کا خون ڈبو دیا گیا ۔ نوجوان مہران قریشی کے بہیمانہ قتل پر ان کی والدہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی اور ہر وقت بیٹے کو یاد کرکے روتی رہتی ہے۔