• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا،کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت، دفتر خارجہ

پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا،کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت، دفتر خارجہ

اسلام آباد( وقائع نگار)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے اور کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے ، شام کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں، پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کابھارتی دعویٰ جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے،بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، افغانستان سے بلا اشتعال فائرنگ میں ہمارے 5جوان شہید ہوئے ، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کیخلاف ہیں ،سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پر امریکا کیساتھ رابطے میں ہیں،کرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی پانچ جوان شہید ہوئے ، ایک کو اغواء کرلیا گیا۔ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا ،پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں ، امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں ۔پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کابھارتی دعویٰ جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے ۔ویانا کنونشن کے مطابق سفارتکاروں کو استثنیٰ ہوتا ہے ۔جمعرات کو دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سپاہی کو اغوا کر لیا گیا پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہاکہ افغانستان کیساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہےکسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں، کسی ملک کیساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے۔ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے ،امریکا پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت یکم مئی سے محدود کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔برطانوی سرزمین پر نریندرمودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر رد عمل میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے ،بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہاہے، پاکستان کی حراست میں کمانڈر کلبھوشن یادیو اس کا ثبوت ہے کہ کون دہشت گردی کررہا ہے۔بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس میں بھارت نے عالمی عدالت میں جواب ا لجواب جمع کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کابھارتی دعویٰ جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے جس کی کھلے عام تردید کرچکے ہیں، بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔ انہوں نے کہاکہ اعلی بھارتی قیادت کی جانب سے دھمکیاں باعث تشویش ہیں ،عالمی برادری کو بھارتی دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لینا چاہیے۔بھارتی فضائیہ کی لڑاکا طیاروں کی تعداد دگنی کرنے کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نےیہ شعر پڑھا کہ’’سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے ،دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک حادثے میں ملوث امریکی فوجی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ویانا کنونشن کے مطابق سفارتکاروں کو استثنیٰ ہوتا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سفارتی استثنیٰ پر رابطے کا انتظار ہے۔

تازہ ترین