• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ائیر انڈیا کو 250کروڑ روپے ماہانہ خسارے کا سامنا،حکومت کا اعتراف

نئی دہلی(اے پی پی) بھارت نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن ” ایئر انڈیا“ کو ہونے والے 200 سے 250 کروڑ بھارتی روپے مالی خسارے کے باعث فنڈ کی عدم دستیابی سے ادارہ فاضل پرزے خریدنے کے قابل نہیں جس کی وجہ سے مرمت سازی نہ ہونے سے طیارے ناکارہ ہورہے ہیں۔اس بات کا اعتراف بھارت کی وزارت شہری ہوابازی نے اپنی پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو پیش کی گئی حالیہ رپورٹ میں کیا۔وزارت کا کہنا تھا کہ ایئرلائن کے طیاروں میں اضافے کا منصوبہ 2011ءمیں سامنے لایا گیا تاہم اس کے باوجود رقم کی عدم دستیابی کے باعث اس پر موثر انداز میں عمل درآمد نہیں ہوسکا جس کے نتیجے میں اس وقت متعدد طیارے استعمال کے قابل نہیں جبکہ فضائی بیڑے میں توسیع کا سلسلہ سابق سودوں بارے سی بی آئی کے تفتیشی عمل کے باعث مکمل نہیں کیا جاسکا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایئرلائن کو ہرماہ 200 کروڑ سے 250 کروڑ بھارتی روپے خسارے کا سامنا ہے جس کے باعث طیاروں کی مرمت اور فاضل پرزوں کی خریداری ممکن نہیں تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طیاروں کو استعمال کے قابل بنایا جاسکے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کے 2015ءکے واجبات کی ادائیگی کے لیے 300 ملین ڈالر کی ضرورت ہے اس کے علاوہ طیاروں کی مرمت و تزئین کے لیے مزید 2500کروڑ (بھارتی) روپے کی ضرورت ہے جو کہ ایئرلائن کے آپریشنل اخراجات کے 12 فیصد کے برابر ہیں۔
تازہ ترین