• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسامہ کا ’گارڈ ‘جرمنی میں کیا کر رہا ہے؟

جرمن میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ تیونس سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جو کہ مبینہ طور پر القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا محافظ تھا، 1997ء سے جرمنی میں مقیم ہے اور اسے سوشل ویلفیئر کی مد میں ماہانہ 1168 یورو دیے جاتے ہیں۔

مذکورہ شخص کو سمیع اے کے نام سے شناخت کیا گیا ہے تاہم جرمن میڈیا نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اس شخص کا مکمل نام ظاہر نہیں کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سمیع اے نے 2000 ء میںکئی ماہ تک اسامہ بن لادن کے محافظ کے طور پر افغانستان میں کام کیا۔

2006 ءمیں سمیع اے کے القاعدہ کے ساتھ روابط کی تفتیش کی تاہم ان پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔سمیع اے اپنی جرمن اہلیہ اور چار بچوں کے ساتھ مغربی جرمنی کے شہر بوچم میں رہتا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس نے جہادیوں سے کسی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔اور فوری طور پراسے ملک بدر کر کے تیونس بھیجنے کے امکانات کو رد کر دیا گیا ہے کیونکہ وہاں اس پر تشدد کیے جانے کے خدشات موجود ہیں۔

سمیع اے نے 1999 ءمیں جرمنی میں رہائش کا عبوری اجازت نامہ حاصل کیا اور اس نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے متعدد کورسز کیے ۔ 2007ء میں اس کی پناہ کی درخواست اس لیے مسترد کر دی گئی کیونکہ حکام نے اسے سکیورٹی کے حوالے سے خطرہ قرار دیا تھا۔ پناہ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اب اسے ہر روز مقامی تھانے میں حاضری لگانی پڑتی ہے۔

تازہ ترین