• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب بدمزگی کا شکار ،مغرب تک جاری رہی

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے گزشتہ روز لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب انتہائی بدمزگی کا شکار رہی۔ طلباء و طالبات کو صبح ساڑھے سات بجے بلایا گیا تھا،جو والدین کے ہمراہ آئے تھے۔ مہمان خصوصی ملک ابرار 11 بجکر 20 منٹ پر آئے جبکہ نو بجےکا وقت دیا گیا تھا۔ روزے کی حالت میں طلباء طالبات کا بُرا حال تھا۔ڈپٹی کمشنرنے بھی تقریب میں آنا تھا۔تقریب کےکواڈینیٹر ڈائریکٹر کالجز ملک اصغر تھے مگر وہ تمام وقت مہمانوں کو ہی ٹیلی فون پر بلاتے رہے ہال میں آٹھ بجے سے بیٹھے بچے اور والدین شدید ذہنی کوفت کا شکار تھے۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم مغرب تک جاری رہی۔جہلم چکوال سے آئے ہوئے والدین اور طلباء و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ راولپنڈی بورڈ والے سارا ملبہ ڈائریکٹر کالجز پر ڈالتے رہے جبکہ تقریب تقسیم بورڈ والوں کی غیر ذمہ داری سے بد نظمی کا شکار رہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شیر احمد ستی والدین کے پاس جاکر ان کو تسلی دیتے رہے جبکہ لاہور سے آئے ہوئے ایڈیشنل ڈی پی آئی بھی تقریب کے تاخیر سے شروع ہونے پر بار بار ڈائریکٹر کالجز کو تقریب شروع کرنے کی درخواست کرتے رہے۔ ملک ابرار کی تاخیر سے آنے کی وجہ سے دو بار میڈیا والے چلے گئے جن کو دوبارہ ڈپٹی ڈائریکٹر نے خصوصی درخواست سے بلایا۔ اتنی بڑی تقریب رابطے کے فقدان کی وجہ سے بدمزگی کا شکار ہوگئی تھی۔ وہاں پر موجود افراد تعلیمی بورڈ کے عدم تعاون کی شکایت کرتے رہے۔ بچوں کے ساتھ آنے والے مرد حضرات کو کالج کے اندر نہیں آنے دیا گیا جس کی وجہ سے وہ باہر سڑک پر کھڑے رہے اور بورڈ والوں کو کوستے رہے ۔پرنسپل نے کالج کے اندر بچوں کے راہنمائی کے لیےبہتر انتظام کیے تھے اور کالج کی طا لبات کی ڈیوٹی لگائی ہوئی تھی۔
تازہ ترین