• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بدھ کے روز وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کےدوران پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے بھی نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے ملکی سلامتی، پیشہ ورانہ امور اور ملکی سیاسی امور پر بات کی اور وزیراعظم کو انتخابات کے انعقاد کےلئے مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس وقت ملک جن سیاسی و سماجی حالات سے دوچار ہے، مذکورہ ملاقاتیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ آئین پاکستان کے تحت انتخابات کے انعقاد کی تاریخ دی جاچکی ہے اور کم و بیش سبھی سیاسی جماعتیں الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن انتخابات کو دوچار ماہ ملتوی کرنے کی مطالبہ نما تجاویز بھی سامنے آرہی ہیں، بین الاقوامی سازش کا بھی غلغلہ ہے۔ جن عوامل کا تذکرہ کیا جارہا ہے بلاشبہ صرف ِ نظر نہیں کئے جاسکتے تاہم ان تمام عوامل کو دور کرنا بھی توہمارے اداروں کا ہی فریضہ ہے جس پر وہ مستعد نظر آتے ہیں اور اداروں کی طرف سے یہی خوش کن بیان سامنے آتا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کہہ چکے ہیں کہ انتخابات بروقت نہ ہوئے تو وہ کام چھوڑ دیں گے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے اس بات کا اعادہ بارہا کیاجاچکا اور اب آرمی چیف نے بھی نگراں وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات کے لئے مکمل سیکورٹی فراہم کریں گے۔ اس کے بعد کوئی جواز یا استدلال باقی نہیں بچتا کہ انتخابات کے التوا کی بات کی جائے۔ سیاستدانوںکو یاد رکھنا ہوگا کہ انتخابات کا بروقت انعقاد ہی وطن عزیز کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے جس کا مطلب ہوگا پاکستان میں عدم استحکام کی متمنی اندرونی و بیرونی قوتوں کی شکست اور جمہوریت کا فروغ۔ سیاسی جماعتیں اب التوا کی باتیں چھوڑ کر الیکشن کی تیاری کریں جو ان شاء اللہ بروقت اور آزادانہ ومنصفانہ ہوں گے۔

تازہ ترین