• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید قریب آتے ہی جیولری،مہندی اور چوڑیوں کے سٹال سج گئے

ملتان( لیڈی رپورٹر) عید قریب آتے ہی دکانداروں نے جیولری،مہندی اور چوڑیوں کے سٹالزسجا لئے جہاں خواتین کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف نظر آتی ہے۔شہر کےمختلف بازاروں کینٹ ،گردیزی مارکیٹ گلگشت،حسین آگاہی،حرم گیٹ ودیگر علاقوں میں جیولری، کاسمیٹکس، کون مہندی اور چوڑیوں کی خرید و فروخت کا کام عروج پر ہے۔ مارکیٹوں میں رات گئے تک خواتین کا رش لگا رہتا ہے، ہر کوئی عید کی خریداری میں مصروف ہے۔کوئی بچوں کو مہندی،کوئی چوڑیاں تو کوئی جیولری کا سامان خریدنے میں مصروف ، جوتوں کی د کانوں پر بھی خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں اوربزرگوں کا رش دیکھنے کے قابل ہے۔شہر کے مختلف بازاروں میں عید کی وجہ سےلگنے والے عارضی سٹالز خواتین کی توجہ کا خاص مرکز بنے ہوئے ہیں۔د کاندار علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عید کےموقع پررش اتنا ہوتا ہے کہ دکان میں کھڑے ہونے کو جگہ نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ دکان کی نسبت سٹال پر اشیاء کا ریٹ قدرے کم ہوتا ہے جس کے باعث سیل زیادہ ہوجاتی ہے ۔خاتون فوزیہ اکمل کا کہنا ہے کہ چاند رات کو بازاروں میں رش ہوتا ہے اس لیےخواتین کون مہندی اور جیولری کا سامان ابھی سےخرید کر لے جا رہی ہیں۔ چوڑی ہاؤس کے مالک شیخ ذوالفقار کا کہنا تھا کہ وہ صبح آٹھ بجے دکان کھولتے ہیں اور رات ایک بجے تک خواتین اور بچیوں کا رش لگا رہتا ہے ۔ماہ نور نے بتایا کہ عید کے موقع پر اپنے لباس کی مناسبت سے مختلف سٹالوں سے کاسمیٹکس، جیولری اور کون مہندی کا سامان خرید رہی ہیں۔
تازہ ترین