• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نگراں وزیراعظم کی پاکستان میں 14 جائیدادیں

نگراں وزیر اعظم ناصرالملک پاکستان میں 14 جائیدادوں کے مالک ہیں، ان کی اہلیہ کے نام پر سنگا پور اور لندن میں جائیدادیں ہیں ، بیوی کے نام پر سات لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے، نگراں وزیر اعظم ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں ۔

نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی ملک میں 14 جائیدادیں، آبائی قصبے سوات میں مختلف 8 اراضیاں اور پشاور کی اراضی والد کی جانب سے تحفے میں ملیں، اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 اور جی 14 میں ایک ایک کنال کے رہائشی پلاٹس جبکہ بحریہ انکلیو میں 2 کنال کے پلاٹ ان کی ملکیت ہیں ۔

نگراں وزیر اعظم ناصر الملک نے الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کروادیں، ناصرالملک کے نام پروفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں ایک اپارٹمنٹ کی ملکیت 2 کروڑ 20 لاکھ روپے ، شاہراہ دستورمیں زیرتعمیر اپارٹمنٹ کی مالیت 4 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد ہے، اہلیہ کے نام بیرون ملک جائیداد سنگا پور اور لندن میں ہیں، اہلیہ کی سنگاپور میں جائیداد کی مالیت7 لاکھ 14 ہزار 286 ڈالرز جبکہ لندن میں جائیداد کی مالیت 2 لاکھ 72 ہزار 850 پاؤنڈز ہے۔

دستاویزات کےمطابق سنگاپور جائیداد میں نصف جبکہ لندن کی پراپرٹی میں ایک تہائی حصہ کی مالک ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے اہلیہ کے نام پرسات لاکھ ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے، زیورات کی مالیت 31 لاکھ جبکہ فرنیچر65 لاکھ روپے کاہے، ناصرالملک دوگاڑیوں کے مالک ہیں، ایک کی مالیت 10 لاکھ روپے جبکہ دوسری کی 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے، 4 مختلف بینکوں کے اکاؤنٹس میں 10 کروڑ 25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری دو کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، گھرکی مالیت 70 لاکھ روپے جبکہ ایک کروڑ روپے بینک میں موجود ہیں ، 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش و پرائز بانڈز کی صورت میں موجود ہیں ۔

سندھ اوربلوچستان کے نگراں وزرائے اعلیٰ سمیت اکثر وزراء نے اثاثوں کی مالیت تاحال جمع نہیں کروائی، الیکشن کمیشن کاکہناہےکہ نگراں حکومت کے عہدیداروں کوخطوط لکھ کر یاد دہانی کرائی جائےگی۔

تازہ ترین