• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارون بلور اور کارکنان کی شہادتوں سے پشاور سمیت پورا ملک سوگوار رہا

ہارون بلور اور کارکنان کی شہادتوں سے پشاور سمیت پورا ملک سوگوار رہا

پشاور (ایجنسیاں )پشاور یکہ توت خودکش حملے میںہارون بلور اور عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر کارکنان کی شہادتوں سے پشاور سمیت پورا ملک سوگوار ہا ،پشاور شہر پورا دن سنسان رہا، بلور خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بیشتر دکانیں بند رہیں، ادھر تاجربرادری کے جانب سے تمام شہر میںدوپہر کے بعد دکانیں بند کرنے اور ہارون بلور کے جنازے میں شرکت کرنے کا اعلان کیا تھا، یکہ توت خودکش حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 21ہوگئی، ہارون بلور سمیت تمام افراد کو آہو اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، 11افراد کی اجتماعی نماز جنازہ رحمان بابا قبرستان عیسیٰ خیل میں اداکردی گئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور اور ان کے دیگر رفقا کی نماز جنازہ گزشتہ شام 5 بجے ادا کی گئی، بیرسٹرہارون بلور کو سید حسن پیر قبرستان میں اپنے والد بشیر بلور شہید کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا، خیبرپختونخوا بار کونسل نے واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا،آئی جی خیبر پختونخوا محمد طاہر کا کہنا ہے کہ خودکش حملے کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ایس ایس پی پشاور، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور سی پی او پشاور سمیت دیگر افسران شامل ہیں 5 روز میں 7 رکنی جے آئی ٹی آئی جی خیبرپختونخواہ کو پشاور دھماکہ کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے گی جبکہ آئی جی خیبرپختونخوا نے پشاور میں اسپیشل کومبیٹ یونٹس کو آپریشن کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے، دریں اثنا ء سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ پر حملہ کرنے والے خودکش حملہ آور کی پشاور کے علاقے یکہ توت سے نشاندہی ہوگئی ہے جس کی عمر 16 سال سے کم تھی اور وہ سر پر سفید ٹوپی اور گلے میں رومال پہن کر حملے کی غرض سے پہلے جلسے میں موجو د تھا ،ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہارون بلور پر حملے کے حوالے سے کوئی خصوصی انتباہ موجود نہیں تھا ، دھماکے کے بعد سرچ آپریشن میں 30 سے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے،خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی تھانہ یکہ توت میں ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، خودکش دہشت گرد کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء مل گئے ہیں، جو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائے جائیں گے، قبل ازیں بیرسٹر ہارون بلور کی نماز جنازہ میں اے این پی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر شاہی سید،سابق صوبائی وزیرتعلیم سردار بابک،اسفندیارولی کے فرزندایمل ولی،اے این پی کے صوبائی صدر حیدرخان ہوتی، الیاس بلور،قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمدخان شیرپاؤ،پی پی پی کے صوبائی صدر ہمایوں خان اور سید ظاہر علی شاہ سمیت دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ،اس موقع پر کارکنوں نے پارٹی اور رہنماوں کے حق میں نعرے بازی کی،بٹگرام میں اے این پی کی جانب سے ہارون بلور خودکش حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کارکنان نے اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سیاہ جھنڈے اٹھائے سڑ کو ں پر نکل آئے، اے این پی کے کارکنوں نے ایک گھنٹے تک کچہری چوک کے مقام شاہراہ ریشم سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر کے دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، اس دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،اے این پی کے کارکنوں نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے اے این پی کی قیادت پر دہشت گرد حملوں کو سازش قرار دیا۔

تازہ ترین