• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاکستان نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیدیا

زمبابوے کے خلاف ایک سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کی ناقابل شکست ڈبل سنچری ،امام الحق کی سنچری اورپہلی وکٹ پر ریکارڈ سازشراکت کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پر399رنز بنالئے ۔

بلاوایو کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ کا اپنا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا اور زمبابوے کو سیریز کے چوتھے میچ میں کامیابی کےلئے 400رنز کا ہدف بھی دیا ۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،فخر زمان اور امام الحق نے اننگز اوپن کی اور وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔

فخر کی ڈبل سنچری، زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف

فخر اور امام نےاپنی سنچریاں مکمل کیں اور پہلے ہم وطن اوپننگ جوڑی محمد حفیظ اور عمران فرحت کا ریکارڈ پاش پاش کیاجو انہوں نے زمبابوبے کے خلاف 228رنز کی شراکت کی صورت میں بنایا تھا ،اس کے بعد سری لنکن اوپنر تھرنگا اور جے سوریا کی 287رنز کی شراکت کا ریکارڈ بھی روند ڈالا۔

گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 304 کے اسکور پر 42ویں اوور میں گری۔امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے،ان کی وکٹ مسکاکڈزا کے حصے میں آئی ۔

دوسری وکٹ پر فخر زمان نے آصف علی کے ساتھ مل کر صرف 48گیندوں پر 95رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی ،اس موقع پر آصف علی نے صرف 22گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

پاکستان نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیدیا

اننگز کی خاص بات فخرزمان کے ناقابل 210رنز تھے ،انہوں نے 155گیندوں پر 5چوکوں اور 2درجن چوکوں کی مدد اپنی ڈبل سنچری بنائی ،وہ پاکستان کی طرف سے انفرادی سطح پر بڑا اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ،انہوں نے سعید انورکے 194رنز کا ریکارڈ بھی توڑا جو انہوں نے بھارت کے خلاف اسی کی سرزمین پر بنایا تھا ۔

چوتھے میچ کے لیے پاکستان نے وہی ٹیم میدان میں اتاری جس نے تیسرا میچ کھیلا تھا جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں2 تبدیلیاں کی ہیں۔پرنس مسوئر اور چیمو چبھابھا کی جگہ تناشے کمنہوکموے اور ڈونلڈ ٹریپینو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اب تک پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔پیر کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔

تازہ ترین