• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں بارش میں 33فیصد، سندھ میں 88فیصد کمی

وطنِ عزیز کو اس بار بارشوں کی شدید کمی کا سامنا ہے،کم بارشوں سے سب زیادہ متاثر ہ صوبہ سندھ ہے، جہاں 88فیصد بارشیں کم ہوئی ہیں، اس کے بعد بلوچستان کا نمبر آتا ہے، جہاں 54فیصد کم بارشیں پڑی ہیں، جبکہ ملک کو بارش میں مجموعی طور پر 33فیصدکمی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کی یکم جولائی سے 7ستمبر کے دورانئےکی بارشوں کی رپورٹ کے مطابق اس دوران معمول کےمطابق ملک میں127اعشاریہ 6ملی میٹر بارشیں متوقع تھیں، مگر اس بار اس دوران مجموعی طور پر صرف 85اعشاریہ7ملی میٹربارشیں ہوئیں، اس طرح ملک کو مجموعی طور پر 33فیصد کم بارشوں کا سامنا رہا۔

صوبہ سندھ میں اس دوران 122ملی میٹر بارشیں متوقع تھیں، مگرصوبہ سندھ میں صرف 14اعشاریہ7فیصد بارشیں ہوئیں، اس طرح صوبے میں اس بار 88فیصد بارشیں کم ہوئیں۔

بلوچستان میں اس عرصے کے دوران معمول کےمطابق 55اعشاریہ1ملی میٹر بارشیں متوقع تھیں،بلوچستان میں اس بار صرف25اعشاریہ3 ملی میٹر بارشیں ہوئیں، اس طرح بلوچستان کو 54فیصد کم بارشوں کا سامنا رہا۔

پنجاب میں معمول کےمطابق 211اعشاریہ3ملی میٹر متوقع تھیں،لیکن 175اعشاریہ4ملی میٹر بارشیں ہوئیں،پنجاب میں17فی صد کم بارشیں ہوئیں۔

کے پی کے میں 255اعشاریہ2ملی میٹر متوقع بارشوں کی جگہ230اعشاریہ2ملی میٹر بارشیں ہوئیں، اسی طرح آزاد کشمیر میں 259اعشاریہ6ملی میٹرمتوقع بارشوں کی جگہ 222اعشاریہ8ملی میٹر بارشیں پڑیں۔

دوسری جانب تازہ ترین موسم کی صورت حال کے مطابق استورمیں رات گئے کئی گھنٹے تک موسلادھاربارش ہوئی، شدید بارش کی وجہ سے فصلوں کو نقصان ہوا اور موسم بھی سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے لاہور میں آج بھی بارش کا امکان ہے، گزشتہ روز لاہور میں 55ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

تازہ ترین