• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الگ ہوٹل ،تمام میچز دبئی میں، میزبان بھارت کی من مانیاں

دبئی (نمائندہ خصوصی) سرفراز احمدنے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول پر اپنے تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ بھارت نے میزبان ملک ہونے کے ناتے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم سپر فور میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے ابوظہبی جائے گی۔ دبئی سے ابوظہبی کا سفر دو گھنٹے کا ہے ۔ اس طرح پاکستان ٹیم کے مقابلے میں بھارت نے خود ایڈوانٹیج لے کر قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ اس بارے میں جب سرفراز احمد سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بھارت نے حیران کن طور پر سارے میچ دبئی میں کھیلنے ہیں ہمیں ٹریولنگ بھی کرنا ہے اور میچ میں الگ سینٹر پر جاکر کھیلنا ہے۔ قانون سب ٹیموں کے لئے برابر ہونا چاہیے۔ گرم موسم میں دو گھنٹے ٹریولنگ مشکل اور تکلیف دے ہوتی ہے۔ مجھے نہیں پتہ کہ ایشین کرکٹ کونسل نے کیا قانون بنا یا ہے۔ لیکن ایک ٹیم کو فائدہ دینا سمجھ نہیں آرہا ہے۔ اگر بھارت یہاں سب میچ کھیلتا ہے تو یہ میری سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹیم انتظامیہ سے اس بارے میں بات نہیں ہوئی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ یقینی طور پر اس ایشو کو دیکھے گا۔ ٹورنامنٹ میں ان دونوں کا پہلا مقابلہ گروپ میچ کی شکل میں 19 ستمبر کو ہوگا، جس کے بعد یہ دونوں 23 ستمبر کو سپر4 میں مدمقابل ہونگے۔ اور اگر یہ دونوں فائنل میں پہنچ گئے تو یہ اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں کے درمیان تیسرا میچ ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں۔ ایشیا کپ کا میزبان چونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ ہے لہٰذا بھارتی ٹیم نہ صرف دوسری ٹیموں سے الگ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے بلکہ وہ یہ ٹورنامنٹ دو مراکز پر ہونے کے باوجود اپنے تمام میچز صرف دبئی میں کھیل رہی ہے اور اسے کسی بھی صورت میں ابوظہبی کا سفر اختیار نہیں کرنا پڑے گا جبکہ پاکستانی ٹیم کو سپر فور کے دو میچز ابوظہبی میں کھیلنے ہوں گے۔

تازہ ترین