• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف شاعر حفیظ جالندھری کی یاد میں تقریب اور مشاعرہ 29 ستمبر کو ہوگا

مانچسٹر (پ ر) معروف شاعر ابوالاثر محمد حفیظ جالندھری کی یاد میں حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کے زیر اہتمام پروگرام 29 ستمبر کو مانچسٹر کے لانگ سائٹ لائبریری کے ہال میں منعقد ہوگا جس میں مرحوم کو پاکستان کے قومی ترانے اور شاہنامہ اسلام کے علاوہ لازوال اردو شاعری کے حوالے سے بھرپورخراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مانچسٹر کے ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر عابد لطیف چوہان ہوں گے۔ تقریب کا آغاز ممتازسماجی رہنما ڈاکٹر محمد یونس پرواز کریں گے۔ حلقہ ارباب ذوق کے چیر پرسن محمد انور اپنے سپاسنامہ میں سکولوں کے درسی نصاب میں کلام حفیظؒ کو شامل کرنے کی گزارش کریں گے۔ برٹش کونسل سے وابستہ ادبی محقق انوار احمد حفیظ جالندھری کے تخلیقی سفر پر مقالہ پیش کریں گے جبکہ ڈاکٹر شہناز سومجی کلام حفیظؒ مترنم پیش کریں گی۔ اس موقعہ پر کلچرسیکرٹری بیگم فردوس شاہ کے زیر ہدائت سکولوں کے بچے ٹیبلیو پیش کریں گے۔آخر میں مشاعرہ ہوگا جس میں عالم پنوار، ابن تابش، ڈاکٹر نعیم اقبال، طاہر حفیظ، ڈاکٹر ناہید کیانی ، لیاقت علی عہد، شارق خان، نغمانہ کنول اور دیگر شعرائے کرام اپنا کلام پیش کریں گے۔ مشاعرے کی نظامت جنرل سیکرٹری روبینہ خان کریں گی۔
تازہ ترین