• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی نے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پرتحقیقات کا آغاز کر دیا

لندن (نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسکیوٹر نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو میانمار سے بنگلہ دیش کی جانب ملک بدر کرنے پر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر رہی ہیں۔ گارڈین کے مطابق پراسکیوٹر فاٹو بینسوڈا نے ایک تحریری بیان اور ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ ایک انکوائری کا آغاز کر رہی ہیں جسے رسمی طور پر ابتدائی معائنہ کہا جاتا ہے جس میں اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ کیا معاملہ کی میرٹ پر مکمل تحقیقات کیلئے کافی شواہد موجود ہیں۔ بینسوڈا نے کہا کہ وہ مبینہ تشدد آمیز واقعات کی متعدد رپورٹوں کا جائزہ لیں گی جس کے نتیجے میں روہنگیا کے لوگوں کو جبری بے دخلی بشمول بنیادی حقوق سے محرومی،ہلاکتیں، جنسی جرائم ،جبری گمشدگی، تباہی اورلوٹ مار کا سامنا کرنا پڑا۔ میانمار کی فوج پر بڑے پیمانے پر حقوق کی خلاف ورزیوں بشمول ریپ ، قتل ، تشدد اور روہنگیا دیہاتوں کو جلانے کے الزامات ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ سال اگست سے 700000 روہنگیا مسلمانپناہ کیلئے پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ بینیسوڈا کا بیان عدالت کے ججوں کی جانب سے لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو جبری طور پر بنگلہ دیش دھکیلے جانے کی تحقیقات کی اجازت دیئے جانے کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

تازہ ترین