• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، سردار نسیم

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب اور سیاسی میدان میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس ہوا جس میں میئر راولپنڈی سردار نسیم سمیت راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور سیکرٹریز سمیت بڑی تعداد میں مسلم لیگی رہنما وکارکن بھی شریک تھے۔ میئر راولپنڈی سردار نسیم نے کہا کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازجمہوریت کی محافظ بہادر خاتون تھیں نواز شریف ان کی بیٹی اور داماد کو ناکردہ گناہ کی سزا دی گئی نواز شریف اور ان کے خاندان کو ایسے وقت میں انتقام کا نشانہ بنایا گیا جب بیگم کلثوم بستر مرگ پر تھیں ۔ مرحومہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میئر راولپنڈی نے کہا کہ 1999میں پرویز مشرف کی فوجی بغاوت کے وقت کلثوم نواز نے جس ہمت حوصلے اور جوانمردی سے آمریت کا مقابلہ کر کے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو نیا حوصلہ دیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کلثوم نواز نے جمہوریت کی مضبوطی کا جو مشن ادھورا چھوڑا تھا اسے مسلم لیگ ن کے کارکنان مکمل کریں گے، اجلاس میں یونین کونسل 38کے چیئرمین ذیشان احمد خان کے والد محمد احمد خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تازہ ترین