• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مینی کیور ہاتھوں کی خوبصورتی بڑھانے کا اہم طریقہ ہے لیکن کہیں آپ بھی مینی کیور کے بعد نیل پالش کے ایک جیسے رنگوں سے بور تو نہیں ہوگئیں؟ اگر ایسا ہے تو تبدیلی کیلئے صرف برائٹ کلرز ہی نہیں کچھ گلیمرس اور اسٹائلش لُک کا سوچیں۔ ہاتھوں کو گلیمرس انداز دینے کیلئے نیل آرٹ ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ چنانچہ آج ہم بات کر رہے ہیں نیل آرٹ کے اُ ن ڈیزائنز کی، جو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی مشہور خواتین کے بھی پسندیدہ ثابت ہوئے اور خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ یہ ڈیزائنز نہ صرف آپ کے ہاتھوں کی خوبصورتی بڑھائینگے بلکہ ایک خوبصورت اور دلکش انداز بھی فراہم کرینگے۔

3Dبرائیڈل نیل آرٹ

برائیڈل نیل آرٹ کےسرخ یا پھر کسی گہرے رنگ کی نیل پالش سے تیار نیل آرٹ کا ذکر ہم اپنے ایک اور مضمون میں بھی کرچکے لیکن عروسی لباس کے رنگوں کی تبدیلی کے ساتھ نیل آرٹ کے رنگ اور ڈیزائن بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کا عروسی لباس ہلکے رنگ کا ہے تو برائیڈل نیل آرٹ کے لیے ہلکی بیس کا انتخاب کیجیے مثلا ًمنگنی کے پنک ڈریس کے ساتھ کیوں نہ آپ کا نیل آرٹ بھی پنک رنگ اور ڈیزائن کے ساتھ ہو۔ آپ کا یہ سادہ مگر گلیمرس نیل آرٹ اسٹائل ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوگا۔

3Dمیٹ نیل آرٹ

میٹ چاہے لپ اِسٹک کے رنگوں میں ہو یا نیل پالش کی صورت میں، یہ ہرطرح سے خوبصورتی فراہم کرتا محسوس ہوتا ہے۔ اس نیل آرٹ کو بنانے کا انداز بھی مرمیڈ نیل آرٹ جیسا ہی ہے، بس بیس کے لیے میٹ کے بولڈ رنگوں کا انتخاب زیادہ بہترین رہتا ہے۔ اس اسٹائل کے تحت بنایاگیا نیل آرٹ، جس میںنیل پالش اور موتیوں کا خوبصورت استعمال کیا گیا ہو، رنگوں اور ڈیزائن کے انتخاب کے ذریعے ناخنوں کو تھری ڈی آرٹ کا تاثر دیتا محسوس ہوتا ہے۔

3Dمرمیڈ نیل آرٹ

انگریزی میں جل پری کو ’مرمیڈ‘ کہا جاتا ہے۔ مرمیڈ کا خوبصورت اسٹائل آپ 3Dنیل آرٹ کے طور پر بھی منتخب کرسکتی ہیں، جس کے لیے آپ کو زیادہ محنت بھی درکار نہیں ہوگی۔ سب سے پہلے اپنے ناخنوں کو پینٹ کریں، نیل پالش کے دو کوٹ لگائیں، اس کے بعداس کے اوپر ننھے منّے موتی خوبصورت اور منفرد اندازمیں بکھیر دیں اور انہیں برش کے ذریعے سیٹ کر لیں۔ ناخنوں کو خشک ہونے کیلئے 15منٹ کا وقت دیں۔ دکھنے میں بے حد دلکش لیکن بناوٹ میں قدرے آسان نیل آرٹ آپ کی سادہ سی تیاری کو پرفیکٹ لُک میں تبدیل کردے گا۔

3Dلیس نیل آرٹ

دوپہر میں منعقد کی گئی تقریب یامیٹنگ کےلیے 3Dلیس نیل آرٹ ایک بہترین انتخاب ہے۔ نیل آرٹ کی اس قسم کے لیے سب سے پہلے بیس کلر کا انتخاب کیجیے۔ 3Dلیس نیل آرٹ صرف بولڈ ہی نہیں بلکہ لائٹ بیس کے ساتھ بھی بہترین ثابت ہوگا۔ بیس لگانے کے بعد کسی دوسرے کلر سے لیس اسٹائل پینٹنگ کیجیے(بولڈ بیس کے ساتھ لائٹ اور لائٹ بیس کے ساتھ ہلکا یا ڈارک دونوں استعمال کیے جاسکتے ہیں )۔ یہ اسٹائل تھری ڈی پینٹنگ اور دیگر مٹیریل کے استعمال کے بجائے سادہ مگر پرکشش ثابت ہوگا۔

گلوسی 3Dنیل آرٹ

میٹ نیل پالش ہاتھوں کی دلکشی بڑھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے لیکن نوجوان لڑکیوں کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے، جو ہاتھوں میں گلوسی لُک پسند کرتا ہے۔ تھری ڈی نیل آرٹ میں گلوسی لُک بھی بہترین ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس کی بیس کے لیے ڈارک گلوسی نیل پالش کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس میں آرٹ قدرے کم لیکن منفرد طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس اسٹائل کو تقاریب میں بھی بے حد مقبولیت حاصل ہوتی ہے، جس کے سبب رات کی تقریب کے لیے تھری ڈی نیل آرٹ کا گلوسی لُک بہت اچھا لگتا ہے۔

نیل آرٹ کا انتخاب کرتے وقت چند باتوں کا خیال رکھیں۔

٭نیل آرٹ کیلئے ناخنوں کا لمبا ہونا ضروری نہیں۔

٭رات کے فنکشن کے لیے گہرے رنگ جب کہ دن کے لیے ہلکےرنگ بہتر رہتے ہیں۔

٭خواتین کے کٹے ہوئے چھوٹے ناخنوں کو خوبصورت بنانا بھی نیل آرٹ کا کمال ہے۔

٭ یزائن کا انتخاب اپنی عمر اور شخصیت کے مطابق کریں ۔

تازہ ترین