کراچی (محمد ناصر) پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی “ پر میگا ڈرامہ سیریل ”رومیوویڈز ہیر“ کا آغاز اتوار سے ہوگا۔ یہ اس سال کی سب سے بڑی لو اسٹوری ہوگی۔ سیریل کی پہلی قسط رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔ پاکستانی ڈراموں میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی شہرہ¿ آفاق سیریل ”خانی“ کے بعد یہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ ”اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی نئی پیشکش ہے۔ خانی سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی مقبول جوڑی ”فیروز خان اور ثنا جاوید “ اس ڈرامے کے مرکزی کردار ہیں۔ ”خانی“ جیسے سنجیدہ ڈرامے کے بعد نئے سیریل میں دونوں اداکاربالکل منفرد انداز سے جلوہ افروز ہورہے ہیں جو اس بار رومانس کے ساتھ کامیڈی کا تڑکا لگا کر چھوٹی اسکرین پر بڑی دھوم مچائیں گے۔ ڈرامے کا ٹائٹل سونگ ساحر علی بگا اور آئمہ بیگ کی آوازوں پر مشتمل ہے جو مرکزی کرداروں پر اتنی خوبصورتی سے عکس بند کیا گیا کہ اس نے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی۔ سوشل میڈیا پر اس گیت نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ دیئے اور کئی ہفتوں تک وہاں یہی بحث ہوتی رہی کہ یہ فلم ہے یا ڈرامہ ۔ ”رومیو ویڈز ہیر“ رواں برس کی سب سے شاندار لو اسٹوری ہوگی ۔ اس میں مغرب کے ماڈرن رومیو کا حالیہ دور کی ہیر سے دلچسپ ٹاکرا دکھایا جائے گا۔ کرداروں کا اسٹائل، گانے، مکالمے سب زور دار ہیں جبکہ فیروز اور ثنا کی جوڑی بھی شاندار لگ رہی ہے ۔
یہ ڈرامہ موجودہ دور کے تمام ڈراموں سے بالکل ہٹ کر بنایا گیا ہے جسے دیکھتے ہوئے ناظرین رونے دھونے کے بجائے کھلکھلا اُٹھیں گے۔ ہر سین میں رومانس اور محبت کے رنگ، مزاح اور قہقہوں کی چاشنی اور شرارتوں بھرے مناظر نظر آئیں گے۔ ہلکی پھلکی نوک جھونک کے ساتھ نخرے ، مستی اور مذاق بھی خوب ہوگا۔ رومیوویڈز ہیرکی دلچسپ کہانی لیجنڈ ڈرامہ رائٹر ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے تحریر کی ہے جو ”ہم سب اُمید سے ہیں“ کے علاوہ کئی مقبول مزاحیہ ڈرامے اور شوز تخلیق کرچکے ہیں۔ ”رومیو ویڈز ہیر“ کے ہدایتکار معروف ڈائریکٹر انجم شہزاد ہیں جو پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کی سب سے کامیاب بلاک بسٹر سیریل ”خانی“ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاچکے ہیں ۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں فیروز خان اور ثنا جاوید کے علاوہ علی سفینا، شفاعت علی، ثمن انصاری، تارا محمود، رایان ابراہیم مریم انصاری اور دیگر شامل ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ جیو کا نیا سیریل ایک اور نیا ٹرینڈ سیٹ کرے گا اور عوام اس ڈرامے کو مدتوں یاد رکھیں گے۔