• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے پنجگور پرواز لینڈنگ کے وقت رن وے سے چند میٹر کچی زمین پر اتر گئی، تمام 54 مسافر محفوظ رہے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے بتا یا ہے کہ کراچی سے پنجگور کی پرواز پی کے 517کی پنجگور ائر پورٹ پر صبح 8.20 پر لینڈنگ کے وقت اے ٹی آر طیارہ رن وے سے چند میٹر کچی زمین پر اتر گیا۔ تمام 54 مسافر محفوظ رہے اور کسی ایک کو بھی معمولی خراش بھی نہیں آئی تاہم طیارے کے دو پہیے غیر ہموار سطح پر اترنے کی وجہ سے ناکارہ ہو گئے۔ترجمان نے مزید بتایا پی آئی انے ضروری پارٹس اور آلات پنجگور بھجوانے کے لئے فوری طور پر متبادل پرواز کے لئے طیارے کا بندوبست کیا تاہم سول ایوی ایشن کی جانب سے متبادل پرواز کی اجازت نہ ملنے پر پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو گئی ۔بعد ازاں مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے پنجگور سے کراچی پہنچا دیا گیا ۔پی آئی اے نے مسافروں کو اس غیر متوقع صورتحال سے پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کی ہے۔پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہدایات کے مطابق شعبہ فلائٹ سیفٹی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس کی رپورٹ جلد مل جائے گی ۔ترجمان نے کہا کہ طیارے کے حوالے سے جو قیاس آرائیاں میڈیا میں گردش کر رہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں اور پی آئی اے ان کی تردید کرتی ہے۔
تازہ ترین