کراچی کے مرکزصدر میں آپریشن کے بعد گزشتہ روز ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی کی گئی، جبکہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
تجاوزات کا ملبہ اٹھانے میں بحریہ ٹاؤن کی مشینری کے ایم سی کی معاونت کر رہی ہے۔
دوسری جانب شہری ملبے سے صبح سویرے ہی لوہا اور لکڑیاں نکالنے پہنچ گئے۔
میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ آج ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات صاف کرنے اور ملبہ اٹھانے کا عمل جاری رہے گا۔
ایمپریس مارکیٹ کی قدیم تاریخی عمارت پر عرصہ دراز سے دھول مٹی چمٹی ہوئی تھی جبکہ حالیہ تجاوزات کے خاتمے کے دوران بھی مزید دھول جاکر عمارت پر جم گئی تھی اور اس تاریخی عمارت کی چمک دمک ماند پڑ گئی تھی۔
گزشتہ روز شہری انتظامیہ نے مشینری کی مدد اور پانی کے پائپوں سے قدیم تاریخی ورثے ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی کیجس کےبعد عمارت دھل کر اپنی پرانی آب و تاب پر واپس آگئی۔
اس موقع پر ایمپریس مارکیٹ کی عمارت میں نصب دیوھیکل گھڑی جو کافی عرصے سے خراب تھی، درست کر دی گئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے پر شہری انتظامیہ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے، اس سلسلے میں صدر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کئی روز سے آپریشن جاری ہے۔
شہری انتظامیہ نے اس آپریشن کا دائرہ کار بڑھا کر اسے شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی شروع کر دیا ہے، جس کے آثار نظر آرہے ہیں اور کئی علاقوں سے تجاوزات ختم ہو گئی ہیں۔
کراچی کے متعدد علاقوں سے شہریوں اور دکانداروں نے انتظامیہ کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنا شروع کر دی ہیں۔