• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیم فنڈ کیلئے خصوصی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن جمعہ کو”جیونیوز یوکے“ پر ہوگی

پاکستان سے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ”ڈیم بناؤ ۔ پاکستان بچاؤ“ کے نام سے ایک مہم زور وشور سے جاری ہے۔ اس مہم کو مزید فروغ دینے کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا نیوز چینل ”جیونیوز“ وطن سے دور رہنے والے تمام پاکستانیوں کو اپنے وطن کی خدمت اور محبت کے اظہار کا سنہری موقع دے رہا ہے۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم پاکستان کے قائم کردہ ڈیم فنڈ کیلئے جیونیوز یوکے ایک بڑی اور براہ راست ٹیلی تھون ٹرانسمیشن ”ڈیم اپیل پاکستان“ کے عنوان سے پیش کرے گا۔ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے جمع کئے جانے والے فنڈز کیلئے یہ خصوصی ٹیلی تھون نشریات مانچسٹر سے براہ راست نشر کی جائے گی۔ ٹرانسمیشن کا آغاز جمعہ 23نومبر کو1900GMT اور 1400ET سے ہوگا۔ واضح رہے جنگ اور جیو گروپ چیف جسٹس اور وزیراعظم کے ڈیم فنڈ کیلئے 4 گھنٹے کا پرائم ٹائم (ٹیلی تھون) اور اس عظیم مقصد کیلئے پروموشن اور اشتہارات کی مد میں جو 63 ہزار پاؤنڈ کی رقم بنتی ہے وہ خرچ کرے گا جو ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ ہوگی جبکہ 4 گھنٹے کا پرائم کونٹینٹ ہٹا کر اس ٹیلی تھون کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جیونیوز یوکے کے ناظرین Geo news sky723 پر اس نشریات میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سینئر صحافی ، تجزیہ کار اور اینکر حامد میر پرو گر ا م کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی اس نشریات میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار مہمان خصوصی ، عالمی سطح پر مقبول باکسر عامر خان، گلوکار یاسر اختر، نوشین خان، انیل مسرت ، نعیم بخاری اور دیگر مشہور شخصیات بطور مہمان اس نشریات کا حصہ بنیں گی اور ڈیم فنڈ کیلئے عطیات جمع کریں گی۔ یاد رہے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ ہی پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ ہم اُن سے بہت سی توقعات رکھتے ہیں ۔ پانی اور ڈیم سے متعلق ایک پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ”زندگی“ اور پانی لازم و ملزوم ہیں، انسان کا وجود بھی پانی سے ہی بنا ہے، پانی کی بہت زیادہ اہمیت ہے، اگر ہمیں پانی نہ ملے تو ہماری زندگی ختم ہوتی جائے گی۔ میں اپنے بچوں کو اپنے ہاتھوں تلف کرنے کیلئے تیار نہیں اور جو کام میں کررہا ہوں یہ میرا آئینی فرض ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ڈیم بنانے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا جہاد شروع کردیں، میں جانتا ہوں ہر فرد یکمشت کئی سو ڈالرز نہیں دے سکتا لیکن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ جتنا بھی ممکن ہو اس ڈیم فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ”ڈیم بناؤ ۔ پاکستان بچاؤ“ مہم کیلئے آگے بڑھیں اور پاکستان کی مدد کیلئے اپنا حصہ شامل کریں ۔ ڈیم فنڈ ٹیلی تھون کے حوالے سے مزید معلومات کیلئےwww.damappeal.com اور www.geo.tv/uk پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین