• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس طرح ایک خوش و خرم زندگی گزارنے کے لیے کامیابی لازمی جزو ہے۔ بالکل اسی طرح کامیابی کے حصول کےلیے شخصیت میں نکھار (Personal Development) لانا بے حد ضروری ہے۔ اسکول لائف سے ہی ہر انسان کے لیےشخصیت کی تعمیر اور نکھار لانا اہمیت اختیار کر جاتا ہے، اگر ایسا نہ کیا جائے تو کامیابی کا عمل سست پڑجاتا ہے۔ لوگوں کی اکثریت ظاہری حسن پر خاص توجہ مرکوز رکھتی ہے، تاہم شخصیت کو پرکشش اور خوبصورت بنانے کے لیے زیادہ توجہ نہیں دی جاتی۔ شخصیت میں نکھار کردار کے دائمی حسن کو بڑھاکر آپ کو کامیاب اور کامران بنا تا ہے۔ شخصیت میں نکھار لانے کے حوالے سے آج ہمارے پاس مشہور شخصیات کی کچھ ایسی ٹپس موجود ہیں، جن پر عمل کرکے مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

مہارتوں سے متعلق مطالعہ کریں

کیا آپ کوئی خاص مہارت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں ؟اگر ایسا ہے تو اس سے متعلق مطالعہ کریں۔ مطالعہ ایک ایسا ہتھیا ر ہے، جو کسی بھی مقصد اور خواہش کی تکمیل کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے میں مدد کرتا ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو یااعتماد کی بحالی، آپ جو چاہتے ہیں یا جس چیز کی خواہش رکھتے ہیں، اس کے متعلق علم حاصل کریں۔ جتنا آپ علم حاصل کریں گے، اتنا ہی آپ کی صلاحیتیوں میں اضافہ ہوگا ۔

خود آگہی

پرسنل ڈویلپمنٹ کے لیے خود آگہی ایک لازمی جزو ہے۔ خود آگہی کا مطلب ہے اپنی ذات کے متعلق آگاہی حاصل کی جائے، مثال کے طور پر آپ کویہ علم ہونا چاہیے کہ آپ کی خواہشات، ترجیحات، عقائد اور مقاصدکیا ہیں۔ خودآگہی ہماری آنکھوں پر پڑے دبیز پردوں کو ہٹا دیتی ہے۔ اسی کے ذریعے ایک انسان کی تمام ظاہری وباطنی خوبیاں اور خامیاں عمیق مطالعے کے بعد روزروشن کی طرح عیاں کی جاسکتی ہیں۔ ایسے مخلص افراد، جو آپ کے بارے لگی لپٹی یا کینہ پرور ی کے بجائے غیر جانبدار اور دو ٹوک رائے کا اظہار کریں، سے پوچھیں کہ ان کی آپ سے متعلق کیا رائےہے۔ سب سے پہلے آپ وہ سنیں گے، جو سننا پسند نہیں کرتے۔ لیکن اپنا دفاع کرنے کے بجائے غیر جانبدار رہتے ہوئے ان غلطیوں کو درست کرنا ہی شخصیت میں نکھارلانے کی جانب دوسرا قدم ہے۔

مشیر تلاش کریں

آپ کا مشیر کوئی گہرا دوست یا ایسا شخص ہوسکتا ہے، جو یہ جانتا ہو کہ آپ کونسے کام نہیں کرسکتے یا کن جگہوں پر آپ کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔ مشیر اس شخص کو ہونا چاہیے، جو نہ صرف سمجھدار ہو بلکہ تجربہ کار بھی، تاکہ وہ غیر جانبدارانہ انداز میں آپ کی رہنمائی کرسکے۔ ایسے افراد تلاش کریں، جو نہ صرف آپ کی حوصلہ افزائی کریں بلکہ آپ پر غیر جانبدارانہ تنقید بھی کرتے ہوں ۔

ڈریسنگ

لباس بھی شخصیت میں نکھار لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آپ کی توجہ نہ صرف شخصیت سازی کے پیچیدہ مراحل پر ہونی چاہیے بلکہ چھوٹی چھوٹی چیزوں پر بھی نظر ہونا بے حد ضروری ہے۔ لباس کا معاملہ بھی اسی نوعیت کا ہے۔ کامیاب لوگوں کے لباس پر نظر ڈالیں، آپ کو اپنے مسئلے کا حل مل سکتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ آفس اور تقریبات میں کس طرح کی ڈریسنگ کرتے ہیں، اس پر آپ کی نظر اور توجہ ہونی چاہیے۔

سوچ

آپ کی سوچ آپ کی شخصیت کی عکاس ہوتی ہے۔ سوچ اورشخصیت کا ایک خاص اور گہرا تعلق ہے، انسان کو اندازہ بھی نہیں ہوتا اور وہ اپنی سوچ کے مطابق خود کو ڈھالتا چلا جاتا ہے۔ آپ نے غور کیا ہوگا کہ بہت سارے لوگ تعلیم یافتہ اور ذہین ہوتے ہوئے بھی معاشرے کو اپنی ذات سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا پاتے کیوں کہ ان کی سوچ میں فیض پہنچانے کا عنصر نہیں ہوتا۔ اس کے برخلاف کچھ لوگ بہت زیادہ تعلیم یافتہ اور ذہین نہ ہونے کے باوجود بھی معاشرے کو اپنی ذات سے فائدہ پہنچاتے ہیں کیوں کہ ان کی سوچ میں فیض پہنچانے کا عنصر شامل ہوتا ہے۔

خود احتسابی

ہر انسان میں کچھ اچھی عادتیں ہوتی ہیں تو کچھ بری۔ اچھی عادتوں پر جہاں آپ خود کو سراہتے ہیں، وہیں بری عادتوں پر تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی رکھیں ۔ انسان کی یہ عادت جلد تبدیلی اور کامیابی کی ضمابنت ٹھہرائی جاتی ہے۔

ناکامی کو قبول کریں

جس طرح آپ اپنی کامیابیوں کو قبول کرتے ہیں، اسی طرح اپنی ناکامیوں کو بھی قبول کریں۔ اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور کوشش کریں کہ جو غلطی ایک بار کرچکے ہیں، وہ دوبارہ نہ ہو۔ اس طرح آپ کی شخصیت میں نکھار آتا جائے گا۔

تازہ ترین