• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کیٹی بندر میں میری ٹائم سیکورٹی بیس کا قیام

کیٹی بندر میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کے نو تعمیر شدہ بیس کا افتتاح کردیا گیا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔


چیف آف دی نیول اسٹاف کی کیٹی بندر آمد پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی بیس کیٹی بندر کے کردار، مشن، ذمہ داریوں اور آپریشنل چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مہمان خصوصی نے بیس کا دورہ کیاا ور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی ساحلی علاقوں میں نئے یونٹس کے قیام کی کاوشوں کو سراہا۔

افتتاحی تقریب میں مقامی ایم این اے، فلیگ آفیسرز، پاک بحریہ کے سینئر افسران اور مقامی معززین بھی شریک تھے۔

کیٹی بندر مختصر آبادی پر مشتمل علاقہ ہے جہاں کے عوام کا ذیادہ تر انحصار ماہی گیری پر ہے۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی بیس اپنے دائرہ کار میں مستقل پیٹرولنگ کے ذریعے نگرانی کے فرائض انجام دےتے ہو ئے آبی وسائل کا تحفظ یقینی بنائے گا اور سمندر میں غیر قانونی ماہی گیری کے عمل کی روک تھام کرے گا۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی بیس کیٹی بندر کے قیام سے ماہی گیروں کی کشتیوں کی رجسٹریشن کر نے کے علاوہ ضرورت کے وقت عوام اور ماہی گیروں کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی فوری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے حال ہی میں ماہی گیروں اور سمندر میں جانے والے دیگر افراد کی سہولت کے لئے ایک موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان کی سمندری حدود میں کسی بھی وقت، کہیں بھی مدد کے لئے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی پاکستان کا سمندر میں قانون نافذ کرنے والا واحد ادارہ ہے جو مشرق میں سر کریک سے مغرب میں گوادر تک پھیلی 1000 کلومیٹر ساحلی پٹی اور 295,000 مربع کلومیٹر حدود میں ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی پاکستان کی سمندری حدود میں قانون کی بالادستی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پر عزم ہے اور اپنا قومی فریضہ اسی طرح بطریق احسن انجام دیتی رہے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین