• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیوز یو کے نے اردو نیوز چینل آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرلیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) جیو نیوز یوکے نے گزشتہ روز 5 ویں سالانہ ایشین ویورز ٹیلی ویژن ایوارڈز کی تقریب میں اردو نیوز چینل 2018کی کٹیگری میں اپنے مد مقابل دیگر چینلز کو پچھاڑ کر اردو نیو ز چینل آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا، اس مقابلے میں جیو نیوز کے مقابل پاکستان کے دو دیگر نجی ٹیلی ویژن نیٹ ورک بھی تھے لیکن ناظرین کی بھاری اکثریت کی حمایت کی وجہ سے جیو نیوز نے مدمقابل دونوں ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کو پیچھے چھوڑ دیا اور ایوارڈ کے مقابلے میں فاتح قرار دیا گیا، اے وی ٹی اے اپنی نوعیت کا واحد ایونٹ ہے، جو برطانوی ایشیائی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے ٹیلنٹ کی سالانہ بنیاد پر پذیرائی کرتا ہے۔ ایشین میڈیا کے معروف ویٹرن راجن سنگھ اس ایونٹ کے روح رواں ہوتے ہیں۔ یہ ایونٹ ہلٹن ہوٹل لندن میں ہوا اور اس میں کم وبیش 300افراد نے شرکت کی، جن میں سے بیشتر کا تعلق ایشیا کی میڈیا انڈسٹری سے تھا، ایوارڈ کیلئے حاضرین سے ووٹنگ کرائی گئی، جنھوں نے متعلقہ کٹیگریز میں ٹاپ چینل، شوز اور سلیبرٹیز کومنتخب کیا۔ اس تقریب میں موجود بین الاقوامی مارکیٹ میں نامور جنوبی ایشیا کی میڈیا انڈسٹری کی بعض معروف شخصیات، جن میں سونی ٹی وی کے ایگزیکٹو نائب صدر نیراج اروڑا، الائنس ایڈورٹائزنگ اینڈ مارکیٹنگ کے مینیجنگ ڈائریکٹرز سجاد شال اور فہیم فاروقی، میڈیا ریچ کے سی ای او جاوید حسین، انٹرنیشنل سٹار ٹی وی کے سربراہ گنیت آنند، ارکیوا لمیٹڈ کے اینڈی ہووارڈ، ڈی جی ٹیکس کے بانی سٹیو کونرز، یوکے کلرز انڈیا کاسٹ کے سیلز کے سربراہ رامن ریکھے، پی ٹی سی کے انٹرنیشنل سربراہ اور سپیس مرچنٹس کے سی ای او سمانت بھل، ہیئر اینڈ نائو میڈیا کے بانی منیش تیواڑی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی دیگر بہت سی شخصیات شامل تھیں۔ فارانی اینڈ ٹیلر سالیسیٹر ز کے پارٹنر فرحان فارانی نے ٹاپ اردو چینل کے نام کا اعلان کیا، جیو ٹی وی نیٹ ورک انٹرنیشنل ڈویژن کے بزنس یونٹ کے سربراہ بسیم بیگ چغتائی نے جیو نیوز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایوارڈ وصول کیا، ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر اپنی تقریر میں انھوں نے برسہا برس سے جیو نیوز کا ساتھ دینے پر پاکستانی اور ایشیائی کمیونٹیز کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا جیو نیوز کی پوری ٹیم کو جاتا ہے، جنھوں نے پاکستانی میڈیا میں نیوز اور کرنٹ افیئر کی بے مثال کوریج میں لگن سے کام کیا، جس کی وجہ سے یہ قابل قدر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ جیو نیوز نیٹ ورک حقیقی عوامی دلچسپی کی صحافت پریقین رکھتا ہے اور اپنے ناظرین کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ان کی پسند کے حقیقی پروگرام پیش کرتا رہے گا۔ راجن سنگھ نے کہا کہ جیو نیوز مقبول نیوز نیٹ ورک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نزد یک فیورٹ چینل کیلئے ناظرین کی ووٹنگ ہی سب کچھ ہے، ناظرین نے جیو نیوز کو بہترین نیوز چینل قرار دیا ہےاور جیو نیوز نے ناظرین کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے یقیناً کچھ بہتر کیا ہوگا؟ راجن سنگھ نے کہا کہ وہ ایشیائی نیوز چینلز کے معیار کو اجاگر کرنے کیلئے ہر سال ایشیائی میڈیا انڈسٹری ایوارڈ کا اہتمام کرتے ہیں، اس سے یہ ظاہر کرنا مقصود ہے کہ ٹی وی انڈسٹری کی حیثیت سے ہم برطانیہ میں کتنا اچھا کام کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد میڈیا کے نئے پروفیشنلز کو دنیا کے سامنے لانا اور انھیں یہ بتانا ہے کہ وہ ایک عظیم انڈسٹری کیلئے کام کررہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم مقامی معاملات کی زیادہ کوریج کیلئے مزید بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اب برطانیہ میں برٹش ایشیائیوں کی چوتھی نسل ہیں اور اپنے کلچر سے جڑے رہنا بڑی اہمیت رکھتا ہے لیکن ایشیائی نیوز چینلز کو زیادہ مقامی اور بین الاقوامی سٹوریز کی کوریج کرنی چاہئے۔ مقابلے میں شامل دیگر کٹیگریز میں ریئلٹی پروگرام آف دی ایئر، بنگالی چینل آف دی ایئر، میوزک چینل آف دی ایئر، جنرل انٹرٹینمنٹ چینل آف دی ایئر، مرد اداکار آف دی ایئر، لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ، سوپ آف دی ایئر، ایک پاکستانی چینل نے انٹرٹینمنٹ کٹیگری میں کامیابی حاصل کی، میڈیا ریچ سے جاوید حسین کو میڈیا انڈسٹری میں ان کی 3 عشروں سے زیادہ کی خدمات پر لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین