• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورٹ ایلزبتھ میں دھاک بٹھانے والے پاکستانی کرکٹرز کے ڈربن میں ڈیرے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کو گذشتہ چھ میں سے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی ہے جس میں آکلینڈ میں ورلڈ کپ2015اور 2017کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ایجبسٹن برمنگھم کا میچ بھی شامل ہے۔ پاکستانی ٹیم نے پورٹ الزبتھ میں کوئی میچ نہ ہارنے کا بھی اپنا ریکارڈ برقرار رکھا۔ کنگز میڈ ڈربن میں جہاں دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے8میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اور تین میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ پورٹ ایلزبتھ میں دھاک بٹھانے والی قومی ٹیم نے دوسرے میچ کیلئے ڈربن میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔دوسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔ پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے ہیرو پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بیٹنگ میں خطرات مول لینا صورتحال کی نزاکت تھی ۔ ٹیم انتظامیہ نے مجھے جو پلان دیا تھا اس کے مطابق میں چیلنجوں کا سامنا لینےکو تیار ہوں۔ امام اور بابر نے جیت کی بنیاد رکھی، میں نے اختتامی لمحات میں خطرات لئے اور میری اننگز ٹیم کے کام آئی۔ پہلے ایک روزہ میچ میں محمد حفیظ نے63گیندوں پر71رنز بنائے اوران کی نا قابل شکست اننگز کی وجہ سے پاکستان فاتح بنا۔ محمد حفیظ نے کہا کہ بولروں نے ہماری جیت کو آسان کردیا اس پچ پر 290 سے تین سو رنزبن سکتے تھے لیکن بولروں نے اچھی بولنگ کی۔ دورے میں پاکستانی ٹیم کو پہلا انٹر نیشنل میچ جتوانے والے حفیظ کا کہنا ہے کہ ہم نے ثابت کیا کہ ہم پریشر میں بھی میچ جیت سکتے ہیں۔ درمیان اننگز میں کچھ وکٹ بھی گرے لیکن ہم نے میچ کو اچھے طریقے سے فنش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی پورٹ الزبتھ ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کی جیت کو ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا۔ جنوبی افریقا کو پانچ وکٹ سے شکست دینے کے بعدانٹر ویو میں سرفراز احمد نے کہا کہ بولروں کی غیر معمولی بولنگ کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کی شراکت نے ہمیں جیت کی راہ پر گامزن کیا اور پھر مشکل وقت میں حفیظ بھائی نے میچ وننگ اننگز کھیلی۔ اس جیت کا کریڈٹ محمد حفیظ کو خاص طور پر اور پوری ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختتامی لمحات میں میں ٹینس نہیں تھا ۔ مجھے امید تھی ہم میچ جیت جائیں گے۔ اس طرح کے میچوں میں میرا انداز اسی طرح کا ہوتا ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امام الحق، محمد حفیظ اور بابراعظم نے شاندار بیٹنگ نے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے میچ کو بہترین انداز میں ختم کیا، دیگر میچز میں بھی اچھا کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، امام الحق اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستان نے 267 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔  

تازہ ترین