• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی اداروں کی مضبوطی مستحکم معیشت کی کنجی ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا پاکستانی معیشت کے استحکام اور ملک میں پائیدار انفرااسٹرکچر بنانے کی کنجی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا کام نگرانی کرنا ہو سکتا ہے لیکن گلی محلوں کے مسائل حل کرنا نہیں، مضبوط احتسابی عمل کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی سے پورا ملک ترقی کے منازل طے کر سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں یوتھ کمیٹی کے ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاک سر زمین پارٹی کی جدو جہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت تمام دستیاب پلیٹ فارمز کے ذریعے پی ایس پی کے پیغام کو گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کے پاس ہی لوگوں کے مسائل کا حل موجود ہے اور ہم نیک نیتی کے ساتھ اپنے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 11 انتخابات جیت جانے کے بعد بھی کراچی کی عوام بنیادی ضرروت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لسانی سیاست صرف اور صرف نقصان کا باعث ہے جو ہماری نسلوں کو بھی انکے حقوق دینے کی بجائے انکو مزید محروم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حقوق کے حصول کے لیے تمام تفرقات بھلا کر متحد ہو کر عوام کی جانب سے حکمرانوں کی کارکردگی کی بنیاد پر احتساب ہونا چاہیے اور لسانیت کے بجائے مسائل اور انہیں حل کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر سیاست ہونی چاہیے اور نوجوانوں کو با اختیار بنائے بغیر دنیا میں جاری ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے۔
تازہ ترین